چیف ایگزیکٹو آفیسر سید ظفر علی شاہ کاکلچرل ہیرٹیج اور دیگر علاقوں میں صفائی کی ناقص صورتحال کا نوٹس

ہفتہ 5 دسمبر 2020 21:28

پشاور۔5دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2020ء) چیف ایگزیکٹو آفیسر سید ظفر علی شاہ نے کلچرل ہیرٹیج ٹریل اور شہر کے دیگر علاقوں میں صفائی کی ناقص صورتحال کا سخت نوٹس لیتے ہوئے زونل منیجر زون بی کو فوری طور معطل کرتے ہوئے انہیں ہیڈ آفس رپورٹ کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں جبکہ ٹیوب ویل کے چیمبر کو ذاتی مقاصد کے لئے استعمال کرنے پر ایک ٹیوب ویل آپریٹر کو بھی معطل کرتے ہوئے ان کے سپروائزر سے جواب طلب کرلیا ہے۔

زون بی کے زونل منیجر کا چارج ایڈمن اینڈ اکائونٹس منیجر منصور رحمن کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر نے عوامی شکایات پر اچانک کلچرل ہیرٹیج اور شہر کا دورہ کیا جہاں صفائی کی صورتحال تسلی بخش نہیں تھی جس پر فوری طور انہوں نے زونل منیجر کو معطل کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔

(جاری ہے)

اسی طرح ٹیوب ویل چیمبر کو ذاتی مقاصد کے لئے استعمال کرنے پر ٹیوب ویل آپریٹر کو معطل کردیا گیا ہے۔

سید ظفر علی شاہ نے متعلقہ حکام کو فرائض میں غفلت برتنے پر معطل زونل منیجر اور ٹیوب ویل آپریٹر کے خلاف مزید کارروائی کی ہدایت بھی کی ہے اور کہا ہے کہ فرائض میں غفلت برتنے والے ٹی ایم اے ملازمین کو واپس اپنے محکمے بھیجا جائے گا جبکہ کمپنی ملازمین کے سپروائزرز، اسسٹنٹ منیجرز اور دیگر کو ایک مہینے کا نوٹس دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صفائی اور شہری خدمات کی فراہمی میں کسی قسم غفلت اور لا پرواہی برداشت نہیں کی جائے گی ، جو ٹی ایم اے ملازمین کام نہیں کریں گے اان کے لئے ڈبلیو ایس ایس پی میں کوئی جگہ نہیں جبکہ ڈبلیو ایس ایس پی ملازمین کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے تمام زونل منیجرز کو ہدایات جاری کیں کہ عملے کی کڑی نگرانی کی جائے جو ملازمین فرائض میں غفلت اور لا پرواہی کا مظاہرہ کر رہے ہیں ان کی رپورٹ فوری بنیادوں پر دی جائے تاکہ ان کے خلاف کارروائی کی جاسکے۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ ہر حال میں صفائی یقینی بنائی جائے، صارفین کو کسی صورت مقررہ اوقات میں پانی کی فراہمی میں تعطل نہیں آنا چاہئے بصورت دیگر سخت کارروائی کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں