ضلعی انتظامیہ پشاور کی تحصیل متنی کے علاقے شیخان میںکھلی کچہری ،عوام نے مسائل بارے میں آگاہ کیا

عوامی مسائل سے آگاہی اوردہلیز پر حل اولین ترجیح ہے ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریلیف) محمد عمران خان

جمعہ 23 اپریل 2021 22:35

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اپریل2021ء) ضلعی انتظامیہ پشاور نے تحصیل متنی کے علاقے شیخان میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا ۔ کھلی کچہری میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف) محمد عمران خان،ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنراعزاز احمد، تحصیلدارشکیل خان سمیت ماتحت محکموں کے افسران ، ریونیو سٹاف ،عوامی نمائندگان ، عوام اور علاقہ مشران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول شیخان میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا تھا۔عوام کی سہولت اور معلومات کے لیے کھلی کچہری سے پہلے علاقے میں اعلانات کر وائے گئے تھے ۔ اس موقع پر لوگوں نے افسران کو اپنے مسائل کے بارے میں بتایا ۔کھلی کچہری میں درخواست کی گئی کہ علاقے میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ بہت زیادہ ہے اور عوام کی سہولت کے لیے لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم کیا جائے اور علاقے میںسوئی گیس کے میٹر لگائے گئے ہیں اورسوئی گیس نہیں آ رہی ۔

(جاری ہے)

اس لیے فوری طور پر گیس بحال کی جائے ۔ کھلی کچہری میں شکایت کی گئی کہ علاقے میں غیر قانونی فیکٹریوں کی وجہ سے ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ ہو رہاہے اس لیے ان غیر قانونی فیکٹریوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور علاقے میں آئس فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے اور پولیس کا گشت بڑھایا جائے اور علاقے میں ریسکیو 1122 کا دفتر بنایا جائے تاکہ عوام کو کسی بھی ایمرجنسی میں1122 کی سہولیت مہیا ہو سکے۔

کھلی کچہری میں درخواست کی گئی کہ علاقے میںسول ڈسپنسری کی عمارت کو مرمت کیا جائے اورعلاقے کی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں اور عوام کو آمدورفت میں بہت تکلیف کا سامنا ہے اس لیے سڑکوں کی فوری مرمت کی جائے اور باڑہ روڈ پر اور خصوصاًً بٹہ تل بازار میں تجاوزات مافیا کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے کیوں تجاوزات کی وجہ سے ٹریفک روانی میں تکلیف کا سامنا ہے۔

اس موقع پر دیگر افراد نے بھی اپنے اپنے مسائل کے بارے میںایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف) سے کھل کر بات کی جبکہ اکثر نے ان کو تحریری درخواستیں بھی دیں جس پر انھوں نے موقع پر ہدایات جاری کیں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف) نے کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد حکومت و انتظامیہ اور عوام کے درمیان فاصلے کو ختم کر نا ہے اور عوامی مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کر نا ہے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف) نے تمام افسران کو شکایات کے حل کی ہدایات جاری کیں اور عوام سے اپیل کی کہ ان کی درخواست اور شکایات پر کاروائی کے بارے میں بعد میں ان کو ضرور آگاہ کریں۔ اس موقع پر لوگوں نے ضلعی انتظامیہ پشاور کا کھلی کچہری کے انعقا د پر شکریہ ادا کیا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں