صحت مند معاشرے کیلئے کھیلوں کے مواقع پیدا کرنا انتہائی ضروری ہے۔محمد سجاد بارکوال

جمعہ 29 مارچ 2024 19:28

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 مارچ2024ء) خیبر پختونخواکے وزیر زراعت میجر ریٹائرڈ محمد سجاد بارکوال نے کہاہے کہ انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز کرک کی منظوری دے دی گئی ہے اس حوالے سے صوبائی و زیر کی زیرصدارت خیبر میڈیکل یونیورسٹی پشاور میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں وائس چانسلر کے ایم یو ضیاء الحق سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اس موقع پر انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز کرک کی باقاعدہ منظوری دی گئی اور کرک میڈیکل کالج کی منظوری اور قیام کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی صوبائی وزیر نے کہا کہ کرک میں میڈیکل تعلیمی ادارے کے قیام سے وہاں کے طلباء وطالبات کو صوبہ کے دور دراز علاقوں کو میڈیکل تعلیم حاصل کرنے کے لیے اب جانا نہیں پڑے گا میڈیکل کالج سے نہ صرف میڈیکل سٹوڈنٹس کو فائدہ ہوگا بلکہ لوگوں کو صحت کی سہولیات بھی میسر آئیں گی صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت پسماندہ علاقوں کو صحت اور تعلیم کے ساتھ ساتھ دوسری سہولیات بھی مہیا کرنے کے لیے کوشاں ہے۔

(جاری ہے)

بعد ازاں صوبائی وزیر زراعت نے خیبر میڈیکل یونیورسٹی پشاور میں خیبر سپورٹس گالا کی اختتامی تقریب میں بھی بطور مہمان خصوصی شرکت کی اس موقع پر انہوں نے کہاکہ کھیل کود کی سرگرمیوں کا معاشرے میں فروغ زندہ قوموں کی نشانی ہے اور ایک صحت مند معاشرے کیلئے کھیلوں کے مواقع پیدا کرنا انتہائی ضروری ہے۔انھوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں سپورٹس کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا کیونکہ اس سے انھیں نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں میں اپنا کردار ادا کرنے کا بہتر موقع ملتا ہے۔

سپورٹس گالے کا اہتمام یونیورسٹی کے ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس نے کیا تھا جس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیا الحق،ڈائریکٹر سپورٹس ناصر سلیم ارباب،گروپ ہیڈ بنک آف خیبر شیر محمد،نیشنل بیڈ منٹن چیمپئن مراد علی تدریسی شعبوں کے سربراہوں اور طلبہ نے شرکت کی۔اختتامی تقریب میں اس موقع پر وزیر زراعت نے فاتح کھلاڑیوں اور رنر کھلاڑیوں میں ٹرافیاں جبکہ آرگنائزرز میں سرٹیفیکیٹس تقسیم کیئے۔

انہوںنے عمدہ کارکردگی اور زیادہ فتوحات پر انسٹی ٹیوٹ آف فیزیکل میڈیسن اینڈ ریحیبلٹیشن کو چیمپین ٹرافی سے نوازا۔ صوبائی وزیر نے فاتح کھلاڑیوں کو عمدہ کارکردگی پر مبارکباد دی اور کہا کہ ہماری نئی نسل میں کھیلوں کی طرف رجحان انتہائی خوش آئندبات ہے۔انھوں نے اس ایونٹ کے انعقاد پر خیبر میڈیکل یونیورسٹی کی کوششوں کو بھی سراہا۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں