دھاندلی کیخلاف بلوچستان کی سرزمین سے اٹھی تحریک ملک بھرمیں جائے گی

اگر تم آئین جمہوریت کو اپنے بوٹوں تلے روندتے رہو گے تو پھر ہم بھی میدان میں کھڑے ہیں۔ سربراہ جے یوآئی ف مولانا فضل الرحمان کا دھواں دھار خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 20 اپریل 2024 20:19

دھاندلی کیخلاف بلوچستان کی سرزمین سے اٹھی تحریک ملک بھرمیں جائے گی
پشین ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 20 اپریل 2024ء) جمیعت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ بلوچستان کی سرزمین سے اٹھی تحریک پورے ملک میں جائے گی، دھاندلی کے خلاف پہلے بھی آگے تھے اب بھی آگے رہیں گے، اگر تم آئین، جمہوریت کو اپنے بوٹوں تلے روندتے رہو گے، تو پھر آج ہم بھی میدان میں کھڑے ہیں۔ انہوں نے پشین میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پہلے کہا یہ اسمبلیاں بنائی گئی ہیں،اب یہ ہے کہ اس بار اسمبلیاں بیچی اور خریدی گئی ہیں، یہ بتاؤ کہ بلوچستان اسمبلی کتنے میں خریدی گئی؟ ایک یا دو ارب یا دس ارب کی بات نہیں کررہا۔

بتاؤ بلوچستان اسمبلی 80 ارب روپے میں خریدی ہے یا 100ارب روپے میں ؟اتنی بڑی قیمت ادا کرکے تم یہ اسمبلیاں بنائیں، تم بتاؤ کہ سندھ اسمبلی کتنے روپے میں خریدی گئی ہے؟ تم بتاؤ کہ خیبرپختونخواہ اسمبلی کتنے میں خریدی گئی ہے؟تم بتاؤ کہ جمیعت علماء اسلام کو شکست دینے کیلئے اسٹیبلشمنٹ نے سیاستدانوں سے کتنا پیسا لیا ہے؟کب تک چھپتے رہو گے، کٹھ پتلی حکمرانوں کو سامنے رکھ کر پیچھے چھپنے کی ضرورت نہیں ہے۔

(جاری ہے)

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ میں کہنا چاہتا ہوں کہ پاکستان کو بنانے میں فوج کا کوئی کردار نہیں ہے، میں کوئی بڑی بات نہیں کررہا ، اللہ پر اعتماد کرکے کہتا ہوں کہ آج ملک اور ادارے قائم ہیں تو اس میں فوج کا کردار کم اور جمعیت علماء اسلام کا کردار زیادہ ہے۔ عوام نے ملک کو بنانے اور بچانے کیلئے قربانیاں دیں، آج مدارس پاکستان کی حفاظت کررہے ہیں، اور ہماری اسٹیبلشمنٹ مدارس کے خاتمے کا سوچ رہے ہیں، یاد رکھو جب جنگ چھڑے گی تو پھر اپنے مستقبل کا سوچو کہ تم رہو گے یا نہیں۔

ہم نے اندرونی بیرونی طور پر ملک کو مستحکم کرنے میں کردار ادا کیا، لیکن اگر تم آئین اور جمہوریت کو اپنے بوٹوں تلے روندتے رہو گے، اگر تم اسمبلیوں کو اپنے گھروں کی لونڈی سمجھتے رہو گے ۔تو پھر آج ہم میدان میں کھڑے ہیں تو کل یہ سامنے کا پہاڑ بھی ہمارا انتظار کررہا ہے، بزدلی کی سیاست کسی اور نے سیکھی ہوگی میرے آباؤ اجداد اور تاریخ نے جرات کی سیاست سکھائی ہے، میں بزدلی پر لعنت بھیجتا ہوں۔ بلوچستان کی سرزمین سے تحریک اٹھی ہے پورے ملک میں جائے گی، ہم اس تحریک سے جعلی حکومت کو چلنے نہیں دیں گے۔ ہم نے 2018 کی دھاندلی کے خلاف تحریک چلائی، 2024 میں 2018 سے بڑی دھاندلی ہوئی ہے، دھاندلی کے خلاف پہلے بھی آگے تھے اب بھی آگے رہیں گے۔

پشین میں شائع ہونے والی مزید خبریں