پشین میں بدترین خشک سالی کے باعث ہر شعبہ زندگی کے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے، ڈسٹر کٹ چیئرمین محمد عیسیٰ روشان

بدھ 5 ستمبر 2018 23:00

پشین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 ستمبر2018ء) ڈسٹرکٹ چیئرمین محمد عیسیٰ روشان نے کہا ہے کہ ضلع پشین کی مکمل اکثریت علاقوں میں بدترین خشک سالی کے باعث ہر شعبہ زندگی کے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے بالخصوص زمینداروں ، بزگروں اور مالداروں کو دن رات نقصانات سے دوچار ہونا پڑرہا ہے پانی کی زیر زمین سطح مسلسل نیچے جانے ، بجلی کی مسلسل لوڈشیڈنگ نے ہر قسم کے زرعی پیداوار کو ناقابل تلافی نقصان سے دوچار کردیا ہے اور ہمسایہ ممالک سے مختلف زرعی اجناس کی درآمد نے مقامی فصلات کے آمدن کی قیمتوں کو ختم کرکے رکھ دیا ہے اور اکثریت مختلف علاقوں میں بھیڑ بکریوں ، مویشیوں اور دوسرے حیوانات کیلئے چارے کا بندوبست نہ ہونے کے باعث ہزاروں کی تعداد ضائع ہونے کا خدشہ ہے ۔

لہٰذا ضلع پشین سمیت ایسے تمام علاقوں کو آفت زدہ قرار دیکر فوری اقدامات کی ضرورت ہے صوبائی حکومت اس سنگین صورتحال کا خصوصی نوٹس لیکر فوری اقدامات کرے۔

(جاری ہے)

وہ ضلع پشین کے مختلف علاقوں کے وفود سے بات چیت کررہے تھے۔جنہوں نے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور عوام کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا ۔ جن میں توبہ کاکڑی یوسی انجنئی سے ملک اختر جان لمڑ ، نظام خان کھرل ،عبدالرزاق خان، یو سی اجرم سے حاجی رحمت اللہ کاکڑ ، جانان افغان ،محمد عظیم خان، عبدالواحد بلوچ اور رود ملازئی سے عظیم تارن شامل تھے۔

ڈسٹرکٹ چیئرمین محمد عیسیٰ روشان نے کہا کہ صوبائی حکومت ضلع کے مختلف علاقوں میں مالداری کو بچانے کیلئے فوری طور پر کیمپ لگا کر تمام حیوانات کی ویکسین کرنا ضروری ہے اور ساتھ ہی حکومت کی جانب سے چارے کا بندوبست ہی بھیڑ بکریوں اور مویشیوں کو بچا سکتا ہے اور اس سنگین صورتحال سے متعلقہ حکام کو آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ فوری کوشش کی جائیگی کے صوبائی حکومت اور اس کے متعلقہ حکام کو اس بات پر آمادہ کیا جائے کہ ہر علاقے میں حیوانات کی فوری ویکسین اور چارے کا ہنگامی بنیادوں پر بندوبست لازمی ہے۔

پشین میں شائع ہونے والی مزید خبریں