وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیر صدارت اجلاس میں گوادر کے مجوزہ ماسٹر پلان پر تفصیلی غوروخوض

جمعہ 23 اگست 2019 23:05

کوئٹہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اگست2019ء) چیئرمین گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی گورننگ باڈی وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیر صدارت گورننگ باڈی کا اجلاس جمعہ کے روز یہاں منعقد ہوا، گورننگ باڈی کے اراکین رکن قومی اسمبلی محمد اسلم بھوتانی، رکن صوبائی اسمبلی میر حمل کلمتی، صوبائی وزیر خزانہ میر ظہور بلیدی، چیف سیکریٹری بلوچستان ڈاکٹر اختر نذیر سمیت دیگر حکام اجلاس میں شریک تھے جبکہ ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے شاہ زیب کاکڑ نے اجلاس کو گورننگ باڈی کے ایجنڈے کے حوالے سے بریفنگ دی جس میں سرفہرست گوادر ماسٹر پلان کا تفصیلی جائزہ لیناتھا، اجلاس میں گوادر کے مجوزہ ماسٹر پلان پر تفصیلی غوروخوض کیا گیا اور اس امر سے اتفاق کیا گیا کہ ماسٹر پلان کا سب سے زیادہ فائدہ مقامی آبادی کو ملنا چاہئے، اجلاس میں اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا گیا کہ ماسٹر پلان میں مقامی آبادی کے مفادات کو مکمل تحفظ دیا گیا ہے، گوادر کی پرانی آبادی موجودہ جگہ پر ہی رہے گی اور ماہی گیروں کے روزگار اور ماہی گیری کی صنعت کو بھی تحفظ حاصل رہے گا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جلد ماسٹر پلان کی منظوری دے دی جائے گی جس سے گوادر میں جاری صنعتی، تجارتی اور ہاؤسنگ سمیت دیگر ترقیاتی اور سرمایہ کاری کی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا، اجلاس میں گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے بعض دیگر انتظامی امور کی منظوری بھی دی گئی۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں