صوبائی حکومت کے تعمیر و ترقی کے لیے ہنگامی اقدامات جاری، روز اول سے عوامی خدمت کا تہیہ کر رکھا ہے

حاجی محمد خان لہڑی مشیر برائے محنت و افرادی قوت بلوچستان

پیر 3 اگست 2020 23:15

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اگست2020ء) وزیراعلیٰ بلوچستان کے مشیر برائے محنت و افرادی قوت حاجی محمد خان لہڑی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت عوام کی تعمیر و ترقی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے جن سے عوام براہ راست مستفید ہو رہے ہیں، ہم نے روز اول سے عوام کی خدمت کا تہیہ کر رکھا ہے تاکہ ان کے مسائل کا ازالہ کیا جا سکے، فیض آباد پل تا ڈیرہ مرادجمالی مین قومی شاہراہ تک 95 کروڑ سے زائد رقم سے پچاس کلومیٹر طویل روڈ بنائی جارہی ہے جو نہ صرف سینکڑوں دیہاتوں کو شہروں سے جوڑ دے گی بلکہ اس سے ایک انقلاب بھی برپا ہوگا، نصیر آباد کی تاریخ میں سب سے بڑے پروجیکٹ پر کام ہنگامی بنیادوں پر جاری ہے ،ہمارا مقصد صرف عوام کو سہولیات فراہم کرنا ہے، نصیر آباد ضلعی انتظامیہ جاری ترقیاتی عمل کی کڑی نگرانی کو یقینی بنائیں تاکہ یہ ترقیاتی عمل دیرپا ثابت ہو اور اس ترقیاتی عمل سے عوام زیادہ سے زیادہ مستفید ہو سکیں، ہم عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید کے موقع پر ملنے والے افسران اور مختلف سیاسی و سماجی اور قبائلی وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نصیر آباد حافظ محمد قاسم کاکڑ، سابق صوبائی وزیر میر عبدالغفور لہڑی، تحصیلدار ڈیرہ مراد جمالی بہادر خان کھوسہ، ڈپٹی ڈائریکٹر ایم ایم ڈی عبدالحمید پلال عبدالرئوف لہڑی سمیت دیگر افراد موجود تھے ۔

حاجی محمد خان لہڑی نے کہا کہ ہم نے الیکشن میں جو عوام سے وعدے کیے تھے ان وعدوں کو پورا کرنے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑ رہے ہیں، حلقے کی عوام کے لیے پینے کے صاف پانی کی فراہمی مواصلات تعلیم صحت سمیت غرض روزمرہ زندگی میں استعمال ہونے والے تمام بنیادی سہولیات عوام کی دہلیز پر پہنچائی جارہی ہیں، ان سہولیات سے عوام براہ راست مستعفید ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی خصوصی ہدایت پر عوام کی فلاح و بہبود کے لیے میگا پراجیکٹس پر کام جاری ہے، یہ تمام پراجیکٹ اجتماعی طور پر دیے گئے ہیں تاکہ سب ان سے فائدہ مند ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہم جھوٹے وعدوں پر ہرگز یقین نہیں رکھتے جو عوام سے وعدے کئے ان وعدوں کی پاسداری کی جا رہی ہے موجودہ صوبائی حکومت تعمیرات کے شعبے میں خصوصی دلچسپی لے رہی ہے مختلف علاقوں میں روڈز بنائے جارہے ہیں تاکہ دیہاتوں کو شہروں سے جوڑ لیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ بکھری ہوئی آبادی کے لیے اقدامات کرنے میں مشکلات درپیش آ رہی ہیں مگر پھر بھی ہمارے حوصلے چٹانوں کی مانند بلند ہیں ہم عوام کو ان کی دہلیز پر سہولیات پہنچا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم صحت کے شعبوں میں بہتری لانا موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، صوبے سے جہالت کے خاتمے کے لیے بھی ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے گئے ہیں جبکہ صحت کی سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے تمام وسائل خرچ کئے جارہے ہیں۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں