وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی ملاقات، بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال

منگل 29 ستمبر 2020 17:36

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی ملاقات، بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال
کوئٹہ۔29ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 ستمبر2020ء) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ میں ملاقات کی ۔ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے درمیان بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر پنجاب کے تعلیمی اداروں میں بلوچستان کے طلباء کے مختص کوٹہ میں اضافہ اوربہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں زیر تعلیم بلوچستان کے طلباء کے مسائل سے متعلق بھی بات چیت کی گئی ، ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ صوبوں کے مابین ہم آہنگی اور باہمی تعاون کا فروغ ملک کے استحکام کے لئے ضروری ہے،ملاقات میں ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی اور صوبائی وزراء بھی موجودتھے،اس موقع پر گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتا ہوںیہاں آکر ہمیشہ خوشی محسوس ہوتی ہے کیونکہ بلوچستان کے لوگ محب وطن، مہمان نواز اور پیار کرنے والے لوگ ہیں ،انہوں نے یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے طلباء کے مسائل کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کروں گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے کوئٹہ میں بہت بڑی تبدیلی دیکھ رہا ہوں، صوبے میں امن کے قیام اور ترقی کے لئے دعاگو ہوں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے گورنر پنجاب کو بلوچستان میں جاری ترقیاتی عمل اور امن وامان کی بہتری کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب اور بلوچستان کے درمیان تعلقات اور تعاون میں گذشتہ دوسال کے دوران مثالی اضافہ ہوا ہے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں