کوئٹہ میں مسلح موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے 2پولیس اہلکار شہید ، ایک زخمی

گزشتہ تین روز میں جاں بحق اہلکاروں کی تعداد 3 ہوگئی

جمعرات 18 جنوری 2018 22:21

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 جنوری2018ء) کوئٹہ میں ڈبل روڈ پر موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار شہید ایک زخمی ہو گیا، تین روز میں جاں بحق اہلکاروں کی تعداد 3 ہوگئی۔ جمعرات کو کوئٹہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہو گیا۔ پولیس کے مطابق نا معلوم موٹر سائیکل سواروں نے ڈبل روڈ بلوچستان فلائی اوور پر پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی۔

ڈیوٹی پر کھڑے محمد الیاس اور شوکت موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ اہلکار جاوید شدید زخمی ہوگیا۔

(جاری ہے)

زخمی ہونے والے اہلکار کو فوری طور پر سول ہسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ،فائرنگ 9 ایم ایم پسٹل سے کی گئی۔ واضح رہے ایک ہفتہ قبل آر آر جی کے اہلکاروں پر بھی فائرنگ کی گئی تھی جس میں ایک اہلکار جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوا تھا۔ تین روز قبل رئیسانی روڈ پر ٹریفک اہلکار کو بھی فائرنگ کر کے قتل کیا گیا۔ ایک ہفتے کے دوران پولیس پر فائرنگ کا یہ تیسرا واقعہ ہے۔ واقعات میں اب تک چار پولیس اہلکار جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہوئے ہیں تاہم اس حوالے سے تا حال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جا سکی ہے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں