غیر قانونی ، بغیر پرمٹ اور سرچ لائیٹس والی پبلک اور لوڈنگ گاڑیوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے ،سیکریٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کوئٹہ ڈویژن روحانہ گل کاکڑ

منگل 18 جون 2019 00:05

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جون2019ء) سیکریٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کوئٹہ ڈویژن روحانہ گل کاکڑ نے کہا ہے کہ غیر قانونی ، بغیر پرمٹ اور سرچ لائیٹس والی پبلک اور لوڈنگ گاڑیوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے ۔ تمام ٹرانسپورٹ حکومتی احکامات اور ہدایت کی روشنی میں اپنے روٹ پرمٹ کی تجدید کریں وگرنہ خلاف ورزی کی صورت میں گاڑی بند اور پر مٹ قبضہ میں لیا جائے گا ۔

ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے کمشنر کوئٹہ ڈویژن اور ایس ایس پی ٹریفک پولیس کوئٹہ کی خصوصی ہدایت پر غیرقانونی بغیر پرمٹ اور سرچ لائیٹس کے خلاف ٹریفک پولیس کوئٹہ اور آر ٹی اے عملے کے ہمراہ مغربی بائی پاس بروری روڈ پر کارروائی کے موقع پر کیا کارروائی کے دوران دو غیر قانونی رکشے ، دو منی بس بند کردیئے گئے،40 گاڑیوں کو کاغذات اور پرمٹ نہ ہونے پر چالان جبکہ 50 گاڑیوں سے سرچ لائیٹس اتار دیئے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایس ایس ٹریفک سریاب سیف اللہ کھیتران بھی موجود تھے ۔سیکریٹری آر ٹی اے نے ڈرائیوروں اور ٹرانسپورٹروں کو سختی سے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اپنے روٹ پرمٹ کی تجدید اور گاڑیوں کے اصل کاغذات اور پرمٹ ہمراہ رکھیں تاکہ چیکنگ کے دوران پیش کیے جاسکیں ۔ انہوںنے کہا کہ پرمٹ کی تجدید وقت پر نہ ہونے سے ریو نیو کی مد میں حکومت کو مشکلات کا سامنا ہے ۔

اس لئے ریو نیو میں بہتری کیلئے ان گاڑیوں کے خلاف کارروائی مزید تیز کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ قومی شاہراہوں پر تیزی رفتار اور اضافی سرچ لائیٹس پر حادثات رونما ہو رہے ہیں جبکہ مال بردار گاڑیوں پر لگی سرچ لائیٹس خطرہ ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ غیر قانونی اور بغیر پرمٹ والی گاڑیوں اور رکشوں کے خلاف کارروائی سے شہر میں ٹریفک میں بہتری آئے گی ۔ جبکہ غیرقانونی اور بغیر پرمٹ والی گاڑیاں کسی صورت برداشت نہیں کریں گے انہوں نے کہا کہ محکمہ کی ریو نیو، اضافہ اور ٹرانسپورٹ کے شعبے کی بہتری کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں-

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں