حکومت صنعتی شعبہ کی ترقی کے لئے کوشاں ہے ترجمان حکومت بلوچستان

بدھ 17 جولائی 2019 19:41

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2019ء) ترجمان حکومت بلوچستان لیاقت شاہوانی نے کہا ہے کہ حکومت صنعتی شعبہ کی ترقی کے لئے کوشاں ہے،وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی خصوصی ہدایت پر لسبیلہ میں اسپیشل اکنامک زون پر کام شروع کر دیا گیا ہے،بلوچستان میں سرمایہ کاری کے خواہشمند انویسٹرز کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کی جائے گی اس حوالے سے کراچی میں اوپن فیسیلیٹیشن سینٹر کے قیام کا بھی فیصلہ کر لیا گیا ہے تا کہ انویسٹرز کیلئے آسانی پیدا کی جا سکے۔

لیاقت شاہوانی نے کہاکہ حکومت پرائیوٹ سیکٹر میں مختلف پروجیکٹ پر کام کرنے والے اداروں سے بھی ہر ممکن تعاون کریگی۔موجودہ حکومت چیلنجز کے باوجود معاشی بہتری اور غربت کے خاتمے کیلئے منظم حکمت عملی کیساتھ کام کررہی ہیں۔

(جاری ہے)

اسپیشل اکنامک زون کے قیام سے معاشی ترقی میں مدد ملے گی۔ترجمان صوبائی حکومت نے کہاکہ سروس ٹیکس کی بہتر انداز میں وصولی کے لیے بلوچستان ریوینو اتھارٹی کومتحرک کیا جا رہا ہے آنے والے دنوں میں بلوچستان ریوینو اتھارٹی کا کردار انتہائی اہم ہو گا۔

ٹیکس کی ادائیگی سے ہی ترقی ممکن ہو سکے گی اور معاشی بحران سے نکلنے میں مدد ملے گی۔ مصنوعی مہنگائی کے ماحول سے نمٹنے کے لیے بھی ہدایت جاری کر دی گئی ہیں اس حوالے سے پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو خصوصی ہدایت جاری کر دی گئی ہیں تاکہ بے وجہ قیمتوں میں اضافے کو کنٹرول کیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں