قانون نافذ کرنے والے اداروں کو تسلسل کے ساتھ نشانہ بنانے کا عمل انتہائی تشویشناک عمل ہے،ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی

منگل 22 اکتوبر 2019 23:32

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اکتوبر2019ء) ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی بیان میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اولین ذمہ داری قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو تسلسل کے ساتھ نشانہ بنانے کا عمل انتہائی تشویشناک عمل ہے جسکے ذریعے تخریب کار اور دہشت گرد عناصر صوبے میں خوف و ہراس پھیلا کر صوبے میں لاقانونیت کو فروغ دینا چاہتی ہے، ایسے عناصر کے خلاف سخت ترین کاروائی کرنا انتہائی ضروری ہے تاکہ عوام کو یقین دلایا جاسکے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنی زمہ داریوں کے سلسلے میں مکمل طور پر چوکس اور مستعد ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ گذشتہ روز پاک ترک اسکول کے قریب پولیس گاڑی کے قریب دھماکہ کیا گیا جسکے نتیجیمیں عام شہریوں سمیت پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے جبکہ اس سے قبل گذشتہ کچھ عرصے سے پولیس اہلکاروں اور شہر کے مختلف مقامات پر دھماکے کرائے جاتے رہے ہیں جس کی وجہ سے کئی قیمتی جانیں ضائع ہوئی ہے اور درجنوں شہری زخمی یا معذور ہوکر تکلیف دہ زندگی گزارنے پڑ مجبور ہیں۔

(جاری ہے)

تخریب کاری اور دہشت گردی کے یہ واقعات قانون نافذ کرنے والے اداروں اور صوبائی حکومت کے لئے لمحہ فکریہ ہونا چاہیے اور انھیں امن و امان کے سلسلے میں اپنے اقدامات کا جائزہ لیکر خامیوں کو دور کرنے کی طرف توجہ دینے پر غور کرنے کی ضرورت ہے۔ بیان میں گذشتہ روز دھماکے کی زخمیوں کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انکی جلد اور مکمل شفا یابی کی دعا کی گئی اور مطالبہ کیا کہ تخریب کاروں اور دہشتگردوں کے خلاف فوری و سخت کاروئی کرکے شہریوں کے جان و مال کو تحفظ فراہم کیا جائے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں