کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل محمد وسیم اشرف کا مسلم باغ کا دورہ،پاک افغان سرحدی علاقے کھجیر میں خاردار تار کی تنصیب کے عمل کا جائزہ لیا

جمعرات 24 اکتوبر 2019 00:02

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2019ء) کمانڈرسدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل محمد وسیم اشرف نے مسلم باغ کا دورہ کیا۔ کمانڈر سدرن کمانڈ کو ہیڈکوارٹرز قلعہ سیف اللہ سکائوٹس میں سرحدی نگرانی اور مجموعی امن وامان سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر آئی جی ایف سی میجر جنرل فیاض حسین شاہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ دورے کے دوران کمانڈر سدرن کمانڈ نے گورنمنٹ پولی ٹیکنکل انسٹیٹیوٹ مسلم باغ کا دورہ کیا اور فیکلٹی ممبرز اور طلبہ سے ملاقات کی۔

انہوں نے گورنمنٹ پولی ٹیکنکل انسٹیٹیوٹ مسلم باغ کی پاک فوج اور ایف سی بلوچستان کی جانب سے مکمل تزئین وآرائش اور نئی مشینری لگانے کی تکمیل پر اس ادارے کو مسلم باغ کے عوام اور انتظامیہ کے سپرد کیا۔ اس موقع پر کمانڈرسدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل محمد وسیم اشرف نے قبائلی عمائدین سے بھی ملاقات کی اور ان سے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

انہوںنے صوبے کی ترقی اور خوشحالی میں مقامی قبائل کے کردارکو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام بیرونی ایجنڈے پر عمل پیرا دشمن عناصر کو شکست دینے کیلئے سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ہر ممکن مدد اور تعاون کریں۔

کمانڈر سدرن کمانڈ نے مزید کہا کہ فرنٹیئرکور بلوچستان صوبے میںتعلیم کے فروغ کیلئے بہت کام کر رہی ہے۔ بعد ازاںکمانڈرسدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل محمد وسیم اشرف نے پاک افغان سرحدی علاقے کھجیر ،بادینی کا دورہ کیا اور وہاں پر جاری خاردار تار کی تنصیب کے عمل کاجائزہ لیا۔ اس موقع پر انہیں بادینی ٹریڈ ٹرمینل میں سرحدی نگرانی اور سیکیورٹی پر مفصل بریفنگ دی گئی۔کمانڈرسدرن کمانڈ پاک افغان سرحد پر تعینات ایف سی جوانوں سے ملے اور ان کے عزم و بلند حوصلے کی تعریف کی۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں