ضلعی افسران عوام کی خدمت میں کوئی کوتاہی نہ کریں، میر ضیاء اللہ لانگو

جمعرات 24 اکتوبر 2019 00:03

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2019ء) صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ ضلعی افسران عوام کی خدمت میں کوئی کوتاہی نہ کریں اور عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کریں جبکہ ضلع قلا ت کے افسران ضلعی ہیڈ کوارٹر میں اپنی موجودگی کو یقینی بنائیں تاکہ یہاں کے لوگوں کے مسائل اور مشکلات میں کمی آ سکے۔

ڈپٹی کمشنر قلات شہک بلوچ نے ضلع قلات کے حوالے سے مختلف ایشوز کے بارے میں بریفنگ دی جبکہ مختلف محکموں کے ضلعی افسران نے اپنے محکموں سے متعلق اجلاس کو بتایا۔ اجلاس میں ایس ایس پی قلات دوستین دشتی کے علاوہ تمام محکموں کے ضلعی افسران بھی شریک تھے۔ صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ ضلع میں زیر تعمیر ترقیاتی اسکیموں کو معیار کے مطابق مقررہ مدت تک مکمل کیا جائے تاکہ ضلع قلات کے عوام ان سے استفادہ حاصل کرسکیں۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ امن و امان کی بحالی اولین ترجیح ہے ،عوام کی جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع میں یکساں طور پر ترقی کے عمل کو دیکھنا چاہتے ہیں اس سلسلے مختلف شعبوں جس میں امن وامان،صحت،تعلیم،آبنوشی، ذرائع آمدورفت سڑکوں کی تعمیراور دیگر شعبے اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ تمام محکموں کے افسران اپنے اپنے عملے کی حاضری یقینی بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات کریں اور غیر حاضر عملے کے ساتھ قانونی کارروائی عمل میں لایا کریں۔ انہوں نے کہا حکومت بلوچستان صوبے کے دور افتادہ علاقوں میں ترقی کے عمل کے لئے دستیاب وسائل کو بروئے کار لا رہی ہے تاکہ حکومتی اقدامات سے عوام کو ریلیف مل سکے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں