پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی کا چلڈرن اسپتال کوئٹہ کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار

انتظامی و مالی معاملات کو شفاف اور بہتر بنا کر مریضوں کو معیاری سروسز فراہم کرنیکی ہدایت چلڈرن اسپتال کوئٹہ کو جدید خطوط پر استوار کرکے اطفال کے علاج معالجے کا مثالی ادارہ بنائیں گے

بدھ 28 اکتوبر 2020 22:53

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اکتوبر2020ء) پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے چلڈرن اسپتال کوئٹہ کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انتظامی و مالی معاملات کو شفاف اور بہتر بنا کر مریضوں کو معیاری سروسز فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے انہوں نے کہا کہ چلڈرن اسپتال کوئٹہ کو جدید خطوط پر استوار کرکے اطفال کے علاج معالجے کا مثالی ادارہ بنائیں گے پیرا میڈیکس اور طبی اسٹاف کی بے لوث خدمات قابل ستائش ہیں اسٹاف کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں گے ادارے کی بہتری کے لیے مستقل و دیرپا بنیادوں پر مثبت سمت کا تعین کرنا ہوگا یہ بات انہوں نے بدھ کے روز چلڈرن ہسپتال کے پیرا میڈیکس اور طبی اسٹاف کے ایک نمائندہ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی پیرا میڈیکس وفد نے پارلیمانی سیکرٹری صحت کو سی ایچ کیو سے متعلق مسائل سے آگاہ کیا پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ چلڈرن ہسپتال کو سرکاری منیجمنٹ میں لئے جانے کے بعد ہونا تو یہ چائیے تھا کہ عوام کو پہلے سے بہتر طبی سہولیات فراہم آتیں تاہم سی ایچ کیو کی کارکردگی غیر تسلی بخش ہے اور عوامی شکایات کا انبار ہے معاملات کو سنجیدگی سے بہتر بنانے کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان واضح طور پر صحت کے شعبے میں نمایاں بہتری چاہتے ہیں وزیراعلیٰ بلوچستان کے ویژن کے مطابق صوبے میں سرکاری سطح پر عوام کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کے لیے واضح اور ٹھوس اقدامات صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس کارخیر میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو اپنا حصہ ڈالنا ہوگا قبل ازیں پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی سے وزیر خزانہ میر ظہور بلیدی‘ صوبائی وزیر محکمہ لائیو اسٹاک مٹھا خان، سیکرٹری خزانہ و صحت نور الحق بلوچ نے ملاقات کی اور محکمہ جاتی امور پر تبادلہ خیال کیا، اس سے قبل پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے محکمہ یوتھ افیئرز کی جانب سے کوئٹہ میں جاری فٹ بال کے قومی مقابلوں کے دوران طبی سہولیات اور ایمبولینس کی فراہمی کے لیے ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ بلوچستان کو احکامات جاری کئے

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں