آن لائن ٹیکس پیمنٹ ماڈیول ٹیکس گزاران کی سہولت درپیش مشکلات سے چھٹکارا دلانے کے لئے متعارف کرایا گیا ہے ،امجد علی عمرانی

صنعت و تجارت سے وابستہ افراد کو بینکنگ سے متعلق درپیش مشکلات کا ازالہ کریں گے،ریجنل چیف منیجراسٹیٹ بینک آف پاکستان

بدھ 27 اکتوبر 2021 00:12

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اکتوبر2021ء) اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ریجنل چیف منیجر امجد علی عمرانی ، ایڈیشنل ڈائریکٹر غلام محمد ، بلوچستان ریونیو اتھارٹی کے ممبر نصیب اللہ عمرانی اور ڈپٹی کمشنر نویدبلوچ نے کہا ہے کہ آن لائن ٹیکس پیمنٹ ماڈیول ٹیکس گزاران کی سہولت اور انہیں ٹیکسز جمع کرانے کے دوران درپیش مشکلات سے چھٹکارہ دلانے کے لئے متعارف کرایا گیا ہے ، صنعت و تجارت سے وابستہ افراد کو بینکنگ سے متعلق درپیش مشکلات کا ازالہ کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے عہدیداران و ممبران کے ساتھ بلوچستان ریونیو اتھارٹی کے آن لائن ٹیکس پیمنٹ ماڈیول سے متعلق آگاہی سیشن کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس سے قبل چیمبر آف کامرس کے صدر فدا حسین دشتی ، نائب صدر امجد علی صدیقی و دیگر ممبران نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کوئٹہ ریجن اور بلوچستان ریونیواتھارٹی کے حکام کو چیمبر آنے پر خوش آمدید کہا اور بتایا کہ صوبے کی صنعت و تجارت سے وابستہ افراد کو ٹیکس دھارے میں شامل کرنے کے لئے ضرورت اس امر کی ہے کہ ٹیکس گزاروں کو ٹیکسز جمع کرانے کے دوران پیش مشکلات کا خاتمہ کیا جائے۔

انہوں نے بلوچستان ریونیو اتھارٹی کی جانب سے آن لائن ٹیکس پیمنٹ ماڈیول متعارف کرانے کو خوش آئند قرار دیا اور کہاکہ ہمیں امید ہے کہ یہ ٹیکس گزاران کے لئے سہولت کا سامان کرے گا۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں امید ہے کہ صوبے کی صنعت و تجارت سے وابستہ افراد کو بینکنگ سے متعلق درپیش مشکلات کے حل کے لئے بھی اقدامات اٹھائے جائیںگے۔ اس موقع پر اسٹیٹ بینک آف پاکستان کوئٹہ کے ریجنل چیف منیجر امجد علی عمرانی ، ایڈیشنل ڈائریکٹر غلام محمد ،بلوچستان ریونیو اتھارٹی کے ممبر نصیب اللہ عمرانی اور ڈپٹی کمشنر نویدبلو چ نے ممبران کو نئے متعارف کرائے گئے آن لائن ٹیکس پیمنٹ ماڈیول سے متعلق آگاہی دی اور کہا کہ اس سسٹم کے تحت بی آر اے ٹیکسز تمام کمرشل بینکوں ، انٹرنیٹ بینکنگ ، ڈیبٹ کارڈز اور ایزی پیسہ کے ذریعے جمع کرایا جاسکتا ہے سسٹم کی بدولت ٹیکس گزاران کو لمبی قطاروں سے چھٹکارہ بھی حاصل ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ اسٹیٹ بینک نے آن لائن سسٹم کے لئے تمام تر سہولیات مہیا کردی ہیں۔ اسٹیٹ بینک اور بلوچستان ریونیو اتھارٹی کے حکام اور چیمبر آف کامرس کے عہدیداران اور ممبران کے درمیان مختلف مسائل بھی زیر بحث آئے جبکہ اسٹیٹ بینک کی جانب سے ہاوس فنانسنگ سے متعلق بھی آگاہی دی گئی اور ریجنل منیجر کی جانب سے صنعت و تجارت سے وابستہ افراد کو درپیش مشکلات کے خاتمے کے لئے اقدامات کی بھی یقین دہانی کرائی گئی۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں