بلوچستان کے شمالی علاقوں میں بارش اور برف باری کے بعد سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا

زیارت میں درجہ حرارت منفی 9 ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیاگیا ،کوئٹہ اور قلات میں ایک ایک انچ برف پڑی

اتوار 23 جنوری 2022 00:26

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2022ء) بلوچستان کے شمالی علاقوں میں بارش اور برف باری کے بعد سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا، زیارت میں درجہ حرارت منفی 9 ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیاگیا ،کوئٹہ اور قلات میں ایک ایک انچ برف پڑی ۔محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ،مستونگ،قلات،زیارت، سوراب،قلعہ سیف اللہ سمیت صوبے کے مختلف شمالی علاقوں میں رات سے بارش اور برف باری کا سلسلہ شروع ہوا، صبح تک اس دوران کہیں ہلکی اور کہیں تیز برف باری ہوتی رہی ، برف باری کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ، کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی 3 اور قلات میں منفی5 ڈگری سینٹی گریڈرکارڈکیاگیا،ژوب میں درجہ حرارت1،دالبندین میں 2،پنجگورمیں 3،خضدار اورسبی میں درجہ حرارت7،لسبیلہ میں 11ڈگری سینٹی گریڈرکارڈ کیاگیاگزشتہ 24گھنٹوں کے دوران قلات میں 30 ، ژوب میں 15 اور کوئٹہ میں 2ملی میٹر بارش رکارڈ کی گئی آج کوئٹہ، زیارت،بارکھان، پشین، ژوب، قلعہ عبداللہ،قلعہ سیف اللہ، نوکنڈی، دالبندین،موسیٰ خیل،ہرنائی،لورالائی،مستونگ،چمن اور نوشکی میں بارش اور شمالی اضلاع میں برفباری کا امکان ہے جبکہ اس دوران صوبے کے دیگر اضلا ع میں موسم خشک اور سرد رہے گا۔

(جاری ہے)

کوئٹہ ،چمن اور قلات سمیت بلوچستان کے کئی اضلاع میں برفباری کے باعث مختلف مقامات پرقومی شاہراہ کو ٹریفک کیلئے بند کردیا گیاجس کی وجہ سے مقامی لوگوں کو شدیدمشکلات کا سامنا رہا ،کئی اضلاع میں بجلی بھی معطل جبکہ سردی کی شدت بڑھنے سے گیس کے پریشر میں کمی ہو گئی ۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں