پٹ فیڈر کینال کی دونوں اطراف غیر قانونی واٹر کورسز کے خلاف آپریشن ، 50 سے زائد غیر قانونی واٹر کورسز اور بجلی ٹرانسفارمرز ضبط

جمعرات 19 مئی 2022 23:43

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2022ء) عدالت عالیہ بلوچستان کے احکامات کی روشنی میں پٹ فیڈر کینال کے دونوں اطراف غیر قانونی واٹر کورسز کے خلاف آپریشن کے دوران 50 سے زائد غیر قانونی واٹر کورسز اور پانی چوری کی پمپنگ مشینوں اور بجلی ٹرانسفارمرز کو ضبط کرلیا گیا ، درجن بھر واٹر کورسز مسمار کردئیے گئے ۔ جمعرات کو سپرنٹنڈنٹ انجینئر ایریگیشن نصیراباد عبدالحمید مینگل بتایا کہ نصیرآباد انتظامیہ و پولیس کی مدد سے پٹ فیڈر کینال کی آر ڈی 402 میر حسن سے لے کر آر ڈی 558 منجھوشوری تک پٹ کینال سے زرعی پانی چوری میں ملوث افراد کے خلاف گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے اہم شخصیات سمیت 50 سے زائد غیر قانونی پمپنگ مشینیں اور بجلی ٹرانسفارمرز ہٹا کر بحق سرکار ضبط کر لئے گئے ہیں جبکہ کئی واٹر کورسز کو بھی مسمار کرکے زرعی پانی چوری کی چوری میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلوچستان ہائی کورٹ کے خصوصی احکامات پر بلا تفریق کاروائیوں کا عمل جاری ہے ۔ کینال سے زرعی پانی چوری پر کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں کی جارہی ۔ کارروائی کا مقصد پٹ فیڈر کینال سمیت اس کی ذیلی نہروں کے ٹیل تک زرعی و پینے کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں کہا کہ کارروائی میں نصیرآباد انتظامیہ اور پولیس کا بھرپور تعاون حاصل ہے جن کی مدد سے کاروائیوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پٹ فیڈر کینال کے بیرون کے بعد اندرون میں بھی بلا تفریق کاروائی کی جائے گی۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں