کوئٹہ میں ایک بڑی کارروائی کے دوران بچوں کو اغوا کرنے والے گینگ کو گرفتار کر لیا گیاہے ، ڈی آئی جی کوئٹہ

جمعہ 20 مئی 2022 15:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2022ء) ڈی آئی جی کوئٹہ فدا حسین شاہ نے کہا ہے کہ جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف کارروائیاں تیز کردی گئی ہیں جس کے تحت کوئٹہ میں ایک بڑی کارروائی کے دوران سی آئی اے پولیس نے بچوں کو اغواکرنے والے گینگ کو گرفتار کر لیا ہے ۔

(جاری ہے)

جمعہ کو سی پی او آفس میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی آئی جی کوئٹہ نے بتایا کہ گرفتار ملزمان سے اسلحہ ، گاڑیاں اور لاکھوں روپے نقدی برآمد کرلی گئی ہے،یہ گینگ کوئٹہ کے مختلف علاقوں سے تاوان کے لئے بچوں کو اغوا کرتا تھا اور مغوی بچوں کے والدین اور ورثاسے بھاری تاوان کا مطالبہ کرتا تھا، یہ گینگ آٹھ افراد پر مشتمل ہے جس کو ٹریس کرنے کے لئے پولیس کافی عرصہ سے متحرک تھی۔

انہوں نے کہا کہ ایک کامیاب کارروائی میں اغوا کار گینگ کے سات ارکان کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ ایک ملزم کی گرفتاری کے لئے کوششیں کررہے ہیں، گرفتار ملزمان پولیس کو چار مختلف مقامات میں مطلوب تھے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں جرائم پیشہ افراد کے قلع قمع کے لئے پولیس متحرک کردار ادا کررہی ہے اور عوام کے جانی و مالی تحفظ کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جاررہے ہیں۔ پریس کانفرنس میں ایس ایس پی آپریشن عبدالحق عمرانی اور دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں