بلوچستان عوامی پارٹی کی اکثریت کا وزیراعلیٰ بلوچستان پربھر پور اعتماد ہے،سردارعبدالرحمن کھیتران

سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے کی روشنی اقلیت پر مشتمل ارکان کے ووٹ شمارہی نہیں ہونگے بلکہ انکی وزیراعلیٰ بلوچستان کیخلاف تحریک عدم اعتماد کی مشق بے معنی ہوجائے گی،بلوچستان عوامی پارٹی کے ترجمان

اتوار 22 مئی 2022 23:20

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2022ء) بلوچستان عوامی پارٹی کے ترجمان و صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھیتران نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کے خلاف جمع کرائی جانے والی تحریک عدم اعتماد سپریم کورٹ آف پاکستان کے حالیہ فیصلے کی روشنی میں پارلیمانی گروپ کی اکثریت کے ہوتے ہوئے اقلیتی ارکان کی جانب سے جمع کرایا جانا صریحاً خلا ف ورزی ہے بلوچستان عوامی پارٹی کی اکثریت کا وزیراعلیٰ میرعبدالقدوس بزنجو پربھر پور اعتماد ہے ۔

یہ بات انہوں نے اتوار کو ’’این این آئی‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ بی اے پی کے 7اراکین کا اقلیتی گروپ مہربانی فرما کرآئین کے آرٹیکل 63-Aاور سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کا بغور مطالعہ کرے جس میں واضح طور پرکہا گیا ہے کہ پارلیمانی گروپ کی اکثریت جو فیصلہ کریگی اسے ہی تسلیم کیا جائے گا بلوچستان عوامی پارٹی کے اکثریتی ارکان کی جانب سے میر عبدالقدوس بزنجو کو پارلیمانی لیڈرنامزد کیا گیاہے لہذا اقلیت پر مشتمل گروپ جس کے سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے کی روشنی میں ووٹ شمارہی نہیں ہونگے انکی وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی مشق بے معنی ہوجائے گی لہذا اب بھی وقت ہے کہ بی اے پی کے سات ارکان پر مشتمل اقلیتی گروپ جو پارلیمانی اکثریتی گروپ کے فیصلوں کے خلاف برسرپیکار ہے وہ آئین کی شق 63-Aاور سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے اس آرٹیکل کی مکمل تشریح کا بغور مطالعہ کریںجس میں سپریم کورٹ نے ایسے ارکان کو منحرف قراردیا ہے ان ارکان کونہ صرف ڈی سیٹ کرنے کابلکہ انکے ووٹ شمار نہ کرنے کا بھی حکم دیاہے لہذا اپنے دوستوں سے کہتے ہیں کہ کوئی ایسا اقدام نہ اٹھائیں جس پر انہیںاپنی نشست سے ہاتھ دھونا پڑے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم آئین اورجمہوری اصولوں کے پابند ہیںکسی کی ذاتی خواہشات پر پارٹی اوراپنے پارلیمانی اصولوں کو قربان نہیں کرسکتے آئین اورقانون ہمیں تمام اصولی راستے اپنانے کی اجازت دیتا ہے لہذا ہم ساتھیوں سے کہتے ہیں کہ چند لوگوں کی خواہشات پر اپنے آپ کو اور اپنے حلقے کے لوگوں کو امتحان میں نہ ڈالیں۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں