کوئٹہ انسٹیٹوٹ آف میڈیکل سائنسز میں چوتھے کانووکیشن کا انعقاد

ہفتہ 28 مئی 2022 23:11

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2022ء) کوئٹہ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (کمز) میں چوتھے کانوکیشن کا انعقاد ہوا ، ایم بی بی ایس کے تین بیجز(چوتھے، پانچویں ، چھٹے)میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ تقریب کے مہمان خصوصی کو ر کمانڈر 12 کو ر لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی تھے۔تقریب کے دیگر مہمان گرامی میں وائس چانسلر بلوچستان یونیورسٹی ڈاکٹر شفیق الرحمن ، وائس چانسلر نمز لیفٹیننٹ جنرل وسیم عالمگیر اور پرنسپل کمز پروفیسر ڈاکٹر ظفر حسین تنویر کے علاوہ فیکلٹی ممبرز ، گریجویٹس اور ان کے والدین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی نے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج تاریخ ساز دن ہے جس میں ایم بی بی ایس کے تین بیجز(چوتھے، پانچویں ، چھٹے)نے اسناد وصول کیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے گریجویٹس اور ان کے والدین کو اس اہم سنگ میل کو عبور کرنے پر مبارکبادپیش کی اور کہا کہ اس کامیابی کا سہرا طلباء،والدین اورفیکلٹی ممبرز کی انتھک محنت سے ممکن ہو پایا۔

کورکمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی نے کہا کہ کمز بلوچستان نے 2011 ء میں اپنے قیام کے آغازسے ہی نہ صرف اپنی انفرادی حثیت منوائی بلکہ بہت کم عرصے میں میڈیکل سائنسز کے شعبے میں انتہائی اہم اور کامیاب ادارہ بن چکا ہے۔کمز نے سال 2021 ء میں 100فیصدرزلٹ حاصل کیا اور حال ہی میں اس کی کامیابیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے سیشن کے طلباءکی تعداد 100 سے بڑھا کر 150 کر دی گئی ہے جو اس کی بہترین کامیابی کامنہ بولتا ثبوت ہے۔

کمز بہترین تعلیمی اور ریسرچ کی سہولیات بہم پہنچانے کے ساتھ ساتھ طلباءکی کردار سازی پر خصوصی توجہ دیتا ہے تاکہ طلباءبہترین انسان ، اعلیٰ اوصاف رکھنے والے شہری اور طبی اقدار کو ماننے والے ڈاکٹرز کی حیثیت سے معاشرے میں اپنا کردار ادا کر سکے۔انہوں نے کہا کہ بلاشبہ آپ نے ایک قابل تعریف کا میابی حاصل کی ہے حالان کوویڈ کے د ورمیں مطالعہ کرناایک چیلنج تھا لیکن یہ تجربہ آپ کی بہتر تربیت اورشخصیت کے نکھار میں معاون ثابت ہوگا لیکن یادرکھیں کہ مستقبل قریب میں مشکل وقت آپ کا منتظر ہے لیکن مشکل کی اس گھڑی میں آپ کوبلوچستان کے لوگوں کے پر خلوص اور بے لوث خدمت کرنی ہے ،ماضی قریب میں کوویڈ 19کے دوران قوم نے ہمارے فرنٹ لائن ہیروز ڈاکٹرز کو زبرد ست خراج تحسین پیش کیا ہے، آپ نے اس مقدس فریضے کو مزید آگے بڑھاناہے اور اس کے لیے چیلنجنگ ماحول میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا ۔

تقریب کے دوران کمانڈر 12 کور نے اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے گریجویٹس میں گولڈ میڈلز ، سکالرشپس ، اعزازی سرٹیفیکیٹس اور اسناد تقسیم کیں اور آخر میں وائس چانسلر نمز لیفٹیننٹ جنرل وسیم عالمگیراور وائس چانسلر بلوچستان یونیورسٹی ڈاکٹر شفیق الرحمن کو شیلڈ ز بھی دیں۔

متعلقہ عنوان :

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں