ذوالفقار علی بھٹو نے مزدوروں اور محنت کشوں کے لیے پہلی جامع لیبر پالیسی دی ، میرعلی حسن زہری

منگل 30 اپریل 2024 21:28

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 اپریل2024ء) ہمارے جفاکش محنت کشوں کے دم سے ہی پاکستان کی معیشت چلتی ہے ۔اس وقت دنیا بھر میں محنت کش، آفس ورکرز، کھیتوں میں کام کرنے والے، مزدور اور دیگر سرکاری اور غیر سرکاری اداروں میں کام کرنے والے ملازمین جن حالات میں کام کر رہے ہیں انہیں آئیڈیل قرار نہیں دیا جا سکتا ۔ان خیالات کا اظہار صوبائی مشیر برائے صنعت و تجارت میر علی حسن زہری نے یوم مزدور کے موقع پر اپنے تہنیتی پیغام میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے مزدور آج کے دن اپنے حقوق کے لیے ریلیاں نکالتے ہیں اور آج کا دن استحصالی طاقتوں کے خلاف مزدوروں کی فتح کے طور پر منایا جاتا ہے ۔لیبر ڈے ان مزدوروں کی یاد میں منایا جاتا ہے جنہوں نے امریکہ کے شہر شکاگو میں یکم مئی 1886 کو اپنے اوقات کار 16 گھنٹے سے 8 گھنٹے کرانے کے لیے پر امن احتجاجی مظاہرہ کیا جس پر پولیس نے گولی چلا دی - مزدوروں کے ہاتھوں میں سفید پرچم تھے جو امن کی علامت تھی- پولیس کی فائرنگ سے درجنوں مزدور جان بحق ہو گئی- مزدور لیڈروں کو پھانسی دی گئی جن میں سے ایک مزدور اینجل نے پھانسی کے پھندے کو اپنے گلے میں ڈالتے ہوئے کہا " سرمایہ دارو تم ہمیں مار سکتے ہو لیکن ہماری تحریک کو ختم نہیں کر سکتی-"شکاگو کے اس ہولناک سانحہ نے پوری دنیا کے مزدوروں کو متاثر کیا اور وہ ایک نظریاتی رشتے میں منسلک ہوگئی-صوبائی مشیر برائے صنعت و تجارت میر علی حسن زہری نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو ایک سوشلسٹ اور عوامی لیڈر تھے، پی پی پی عوامی نظریاتی جماعت ہے ۔

(جاری ہے)

ذوالفقار علی بھٹو نے 1972 میں مزدوروں اور محنت کشوں کے لیے پہلی جامع لیبر پالیسی باضابطہ طور پر جاری کی-اس پالیسی کے مطابق مزدوروں کے اوقات کار 8 گھنٹے مقرر کئے گئے ان کو سوشل سکیورٹی دی گئی- اولڈ ایج بینیفٹ دیا گیا ورکرز ویلفیئر فنڈ قائم کیا گیا اور جاب سکیورٹی کو تحفظ دیا گیا مزدوروں کے لئے انشورنس پالیسی جاری کی گئی- صنعتوں اور کارپوریشنوں کے منافع میں مزدوروں کا شیئر رکھنے کا فیصلہ کیا گیا - مزدوروں کے بچوں کو مفت تعلیم اور صحت کی سہولتیں فراہم کی گئیں- مزدوروں کی بچیوں کے لیے جہیز فنڈ قائم کیا گیا- شہید ذوالفقار علی بھٹو نے یکم مئی کو عام تعطیل کا اعلان کیا ۔

لیبر ڈے پر وہ خود مزدور ریلی کی قیادت کرتے تھے اور پیپلز پارٹی کی موجودہ قیادت اور جیالے آج بھی ان کے نقش قدم پر چل رہے ہیں۔صوبائی مشیر برائے صنعت و تجارت نے کہا کہ مہنگائی کے تناسب سے مزدور کی زیادہ سے زیادہ اجرت مقرر ہونی چاہیے اور اس سلسلے میں ہر ممکنہ اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے اور مزدور کے حالات بہتر بنانے کیلئے مروجہ قوانین پر سختی سے عملدآمد کے لئے بھرپور کوششیں کی جائیں گی جبکہ ان قوانین میں مزید بہتری کے لئے فوری اور ہنگامی طور پر اقدامات کئے جانے کی اشد ضرورت ہے ۔ انہی اقدامات پر عملدرآمد سے مزدوروں کے ساتھ یکجہتی کے تقاضے پورے ہوسکیں گے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں