شیخہ فاطمہ بنت مبارک گرلز کیڈٹ کالج تربت میں پہلی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی پروقار تقریب کا انعقاد

جمعرات 2 مئی 2024 17:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2024ء) شیخہ فاطمہ بنت مبارک گرلز کیڈٹ کالج تربت کی پہلی پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد ہوئی ۔تفصیلات کے مطابق شیخہ فاطمہ بنت مبارک گرلز کیڈٹ کالج تربت کی پہلی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جو بلوچستان کے تعلیمی منظر نامے میں ایک تاریخی سنگ میل ہے۔ تقریب میں پہلے بیچ کی 67 گرلز کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ ہوئی۔

(جاری ہے)

یہ کامیاب پاس آؤٹ ہونے والی کیڈٹس مکران، قلات، نصیر آباد، سبی، ژوب، کوئٹہ، اور رخشان ڈویژنوں کے مختلف علاقوں کی نمائندگی کرتی ہیں اور بلوچستان کی لڑکیوں کی لگن اور ثابت قدمی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔گرلز کیڈٹس کالج کے کمانڈنٹ بریگیڈیئر ہمایوں اجمل نے اس موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی ۔تقریب میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کیڈٹس کو مختلف انعامات اور ایوارڈز سے نوازا گیا ۔پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب میں کیڈٹس کے والدین اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ پاس آؤٹ ہونے والی کیڈٹس اپنے مقصد کے احساس کے ساتھ ساتھ مختلف پیشوں کو اپنانے اور اپنے وطن، خاص طور پر بلوچستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے کیلئے پختہ عزم ہیں۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں