بلوچستان میں موسم گرما میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ پراسپیکر نے کیسکو چیف کو (آج) اپنے چیمبر میں طلب کرلیا

سردار بہادر ویمن یونیورسٹی کے تحت محکمہ تعلیم کے ٹیسٹ کے حوالے سے بحث ایڈوکیٹ جنرل کی عدم موجودگی کے باعث موخر اپوزیشن کا علامتی واک آوٹ

جمعرات 23 مئی 2024 23:15

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2024ء) بلوچستان میں موسم گرما میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ پراسپیکر نے کیسکو چیف کو (آج)جمعہ کو کو اپنے چیمبر میں طلب کرلیا ،سردار بہادر ویمن یونیورسٹی کے تحت محکمہ تعلیم کے ٹیسٹ کے حوالے سے بحث ایڈوکیٹ جنرل کی عدم موجودگی کے باعث موخر اپوزیشن نے علامتی واک آئوٹ کیا۔جمعرات کو بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں سردار بہادر ویمن یونیورسٹی کے تحت محکمہ تعلیم میں بھرتیوں کیلئے لئے گئے ٹیسٹ کے حوالے سے بحث ایڈوکیٹ جنرل کی عدم موجودگی کے باعث موخر کی گئی۔

اجلاس میں وزیراعلی بلوچستان نے کہا کہ اس معاملے پر سپریم کورٹ کا فیصلہ آچکا ہے اس لئے ایوان میں بحث کے حوالے سے ہم ایڈوکیٹ جنرل سے رائے لینا چاہتے ہیں وہ اسلام اباد میں ہیں اس لئے بحث موخر کی جائے ، جس پر اسپیکر نے بحث کو مو خر کردیا تاہم سردار بہادر ویمن یونیورسٹی کے تحت بھرتیوں کے معاملے پر بحث نہ ہونے پر اپوزیشن اراکین نے علامتی واک آئوٹ کیا ، ایوان میں واپس آنے کے بعد اپوزیشن لیڈر یونس عزیز زہری کا کہنا تھا کہ سردار بہادرویمن یونیورسٹی کے تحت محکمہ تعلیم میں بھرتیوں کیلئے ہونیوالے ٹیسٹ کا فیصلہ ہوجانا چاہیے جس نے بھرتیوں کیلئے پیسے لئے ہیں ہم سب اس کے خلاف ہیں لیکن حق داروں کو ملازمتیں ملی چاہیں۔

(جاری ہے)

وزیر تعلیم راحیلہ حمید درانی نے کہا کہ سرداربہادرویمن یونیورسٹی کے تحت بھرتیوں کے حوالے سے سپریم کورٹ کافیصلہ آیاہے، عدالت نے کہا ہے کہ اس ٹیسٹ کے تحت جلد سے جلد بھرتیاں کی جائیں ، سرداربہادرویمن یونیورسٹی کی وی سی کو توہین عدالت کا نوٹس آیاہے،اس معاملے پر جلد فیصلہ کرنے کی ضرورت ہے،نقطہ اعتراض پر صوبائی وزرا میر سلیم کھوسہ ،عاصم کرد گیلو اور حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ نصیر آباد جعفر آباد ، صحبت پور ،بولان اور کوئٹہ میں شدید گرمی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ بہت زیادہ ہے دن میں 20،20گھنٹے بجلی کی فراہمی معطل کی جاتی ہے جس سے لوگ بہت پریشانی کا شکار ہیں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے حوالے سے کیسکو کو نوٹس لینے کی ضرورت ہے اسپیکر نے صوبے میں بجلی کی صورتحال پر کیسکو چیف کو آج جمعہ کے روز اپنے چیمبر میں طلب کرلیا۔

اجلاس میں گوادر حق دو تحریک کے رکن اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان کا کہنا تھا کہ گوادر میں ماہی گیری کے لئے غیرقانونی ٹرالنگ ہو رہی ہے جبکہ حکومت اس بات کا اعلان کیا جائے کہ گوادر میں بارڑ نہیں لگائی جائے گی۔پارلیمانی سیکرٹری ماہی گیری برکت رند کا کہنا تھا کہ گوادر میں ماہی گیری کیلئے غیرقانونی طور پر غیر قانونی ٹرالنگ نہیں ہو رہی ہے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں