مدارس کے بچوں کو جس طرح جدید سائنسی علوم کے ساتھ جوڑنے کی کوششیں ہو رہی ہیں وہ لائق تحسین ہیں‘محمد نعیم عصمت ایڈووکیٹ

جمعہ 18 اکتوبر 2019 12:35

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2019ء) گلوبل جسٹس، پیس اینڈ ہیومن رائٹس وکلاء فورم اور قرآن پاک کے فہم کو عام کرنے کی تنظیم ’’رکوع فائو نڈیشن‘‘ کے چئیرمین محمد نعیم عصمت ایڈووکیٹ نے وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے دینی مدارس میں 500 لیبارٹریاں بنانے اور ملک بھر میں یکساں تعلیمی نظام رائج کرنے کے اعلان کو سراہتے ہوئے ان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ تمام سکولوں ، کالجوں اور یونیورسٹیوں میںسائنس و ٹیکنالوجی سمیت تمام شعبوں میں قرآن مجید اور احادیث مبارکہ کی تعلیم کو ایک لازمی مضمون کے طور پر شامل کرنے کا بھی اعلان کریں تاکہ دین سے دوری کو ختم کرکے ہم اپنی پوری نوجوان اور آنے والی نسلوں کو اسلام کے اعلی اوصاف حمیدہ سے متصف کر سکیں ․وزیر اعظم کا یہ اعلان ریاست مدینہ کی جانب سفر کا اہم اور بنیادی سنگ میل ہو گا ․ انہوں نے یہ بات تنظیم کے ہفتہ وار اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ․ انہوں نے کہا کہ مدارس کے بچوں کو جس طرح جدید سائنسی علوم کے ساتھ جوڑنے کی کوششیں ہو رہی ہیں وہ لائق تحسین ہیں مگر اس کے ساتھ ساتھ طبقاتی نظام تعلیم کو ختم کرکے پہلی جماعت سے ماسٹر لیول تک ہر ڈسپلن میں قرآن و حدیث کو لازمی مضمون بنا یا جائے ․ انہوں نے کہا کہ قرآن اور حدیث تمام علوم کا منبع اور مثالی معاشرے کے قیام کی ضمانت ہے اور اس دوری ہی در اصل ہمارے مسائل کی اصل وجہ ہے ․ اسلامی معاشرت سے آگاہی کیلئے پہلی جماعت سے شروع کرکے ماسٹر لیول تک قرآن و حدیث کا لازمی مضمون ایک انقلابی قدم ہوگا جس پر عمران خان اور ان کی حکومت رہتی دنیا تک یاد رکھی جائیگی ․ محمد نعیم عصمت نے کہا کہ ہم رکوع فائونڈیشن کے تحت قرآن پاک کی سمجھ بوجھ کو سہل بنانے کی جدوجہد کر رہے ہیں جس میں ہمیں خاطر خواہ کامیابی مل رہی ہے ․ انہو ںنے کہا کہ ملک کو ریاست مدینہ بنانے میں ہر شخص کو قرآن اور حدیث کے علم سے بہرہ ور کرنا حکومت کی ذمہ داری ٹھہر تی ہے اس لئے وزیر اعظم عمران خان اس جانب پوری توجہ دیں ․ جس طرح مدارس کے بچوں کو ڈاکٹر ، انجنئیر اور دیگر شعبوں کا ماہر بنانے پر توجہ دی جا رہی ہے اسی طرح سائنس و ٹیکنالوجی ، ڈاکٹری اور انجنئرنگ سمیت دیگر شعبوںکے طلبہ کو اپنے دین سے بھی مکمل روشناس کروانا ہماری ترجیح ہونی چائییے -

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں