ج*پنجاب حکومت ناخواندگی و غربت کے خاتمے کیلئے کوشاں ہے،راجہ راشد حفیظ

محنت ، تندہی ، ایمانداری اور خلوص کے ساتھ کام کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کی جائیگی، صوبائی وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم کی گفتگو

اتوار 21 اپریل 2019 20:01

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اپریل2019ء) پنجاب کے وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ ناخواندگی اور غربت کا چولی دامن کا ساتھ ہے ، جہاں غربت ہوگی وہاں ناخواندگی ہو گی اور جہاں ناخواندگی ہو وہاں غربت بھی اس کا ساتھی ہوگی․ ان دونوں محرومیوں اور ان کی وجوہات کے خاتمے کیلئے حکومت پنجاب پورے وسائل بروئے کار لا کر مطلوبہ نتائج حاصل کرنے کیلئے کوشاں ہے جس میں خواندگی وغیر رسمی بنیادی تعلیم کی وزارت پنجاب کے تمام 36 اضلاع میں ناخواندگی کے خاتمے کیلئے رات دن کوشاں ہے ․ محنت ، تندہی ، ایمانداری اور خلوص کے ساتھ کام کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کی جائیگی جبکہ کام نہ کرنے والوں کی ہمارے پاس کوئی جگہ نہیں ․ انہوں نے ان خیالات کا اظہار راولپنڈی شہر کی مختلف یونین کونسلوں کے دورے کے دوران مقامی لوگوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ․ انہوں نے اس موقع پر لوگوں کے انفرادی و اجتماعی مسائل بھی معلوم کئے اور ان کے حل کی یقین دہانی کرائی ․ راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ تحریک انصاف نے لوٹ مار ، کرپشن ، اقرباء پروری اور ان جیسی دیگر خرابیوں کے خلاف جہاد شروع کر رکھا ہے اور نظام کو درست ٹریک پر لانے کیلئے کام ہو رہا ہے ․ عوام کو درپیش مشکلات عارضی مگر ہمارے اقدامات کے نتائج آنے والے ماہ وسال میں عوام کو ریلیف دیں گے ․ انہوں نے کہا کہ ناخواندگی ، غربت اور بے روزگاری کی وجہ سے جرائم میں اضافہ ہوتا ہے ․ پنجاب کی حکومت وزیر اعلی عثمان بزدار کی سربراہی میں جرائم کی ان وجوہات کے خاتمے پر خلوص نیت کے ساتھ کام کر رہی ہے ․ انہوں نے کہا کہ صوبے میں موجود غیر رسمی بنیادی تعلیم کے مراکز کو پوری طرح فعال بنایا جا رہا ہے اور جہاں ضرورت ہوگی وہاں نئے غیر رسمی سکول بھی قائم کئے جائیں گے تاکہ کوئی بھی بچہ تعلیم سے محروم نہ رہے ․ اس سلسلے میں والدین اور معاشرے کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ بچوں کے سکولوں میں داخلے میں اپنا کردار ادا کریں ․ انہو ںنے مزید کہا کہ نئے بلدیاتی نظام کے تحت غیر رسمی بنیادی تعلیم اور تعلیم بالغاں کا سسٹم مزید مضبوط اور فعال بنایا جائیگا جس میں مقامی منتخب نمائندوں کو اہم اور نتیجہ خیز کردار سونپا جائیگا ․۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں