راولپنڈی، محرم الحرام میں سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے سی پی او کی سربراہی میں اہم اجلاس

بدھ 21 اگست 2019 19:15

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2019ء) راولپنڈی کے تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے راولپنڈی کے علماء کرام، مذہبی شخصیات اور انجمن تاجران کے نمائندوں نے سی پی او راولپنڈی محمد فیصل رانا کی کمانڈ میں کام کرنے والی راولپنڈی پولیس پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے محرم الحرام میں قیام امن، فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ اور قانون کی حکمرانی کیلئے اپنے بھر پور تعاون کا اعلان کردیا ، سی پی او محمد فیصل رانا کی طرف سے ایس ایس پی انوسٹی گیشن اور علماء کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی قائم اور امن کمیٹی کی میٹنگ ہرماہ منعقد کرنے کا اعلان، علماء کرام کی طرف سے 30اگست کو امن واک نکالی جائے گی ، محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس میں کیے گئے اہم فیصلے کئے گئے ۔

(جاری ہے)

تفصیلا ت کے مطابق سی پی او ڈی آئی محمد فیصل رانا کا ان دنوں محرم الحرام کے سیکورٹی انتظامات پر مکمل فوکس ہے ، گزشتہ ایک ہفتے کے دوران محرم سیکورٹی انتظامات کے حوالے سے پولیس افسران کے مسلسل چھ اجلاس منعقد کرنے کے بعد بدھ کے روز سی پی اوآفس کے کانفرنس روم میں ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا ۔ جس میں تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علماء علامہ اظہار حسین بخاری، مولانا اشرف علی ، سید ریاض حسین شاہ، مولانا حلیم شیرازی،حافظ اقبال رضوی، علامہ محمد حنیف قریشی ، قاضی ظہور الہٰی ،علامہ زاہد عباس کاظمی ، انجمن تاجران کے صدر ملک شاہد غفور پراچہ، ملک اعجاز،اصغر خان بابر، میر تنویر،چوہدری اسلم کے علاوہ ایس ایس پی انوسٹی گیشن ، ایس ایس پی آپریشنز ،ایس پی صدر ، ایس پی راول ، ایس پی پوٹھوہار سمیت ایس ڈی پی اوز نے شرکت کی، مذہبی، تجارتی اور سماجی شخصیات کی شرکت کے حوالے سے یہ اجلاس راولپنڈی پولیس کی میزبانی میں ہونے والا تاریخی اجلاس تھا ، جس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا ، ڈولفن فورس کے اہلکارمدثر خیام نے نعت رسول مقبول ؐ پیش کی، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ممتاز مذہبی سکالر علامہ اظہار بخاری نے کہا کہ امن اور اتحاد پولیس سے زیادہ ہماری ضرورت ہے ، راولپنڈی کے قانون پسند علماء کرام نے ہمیشہ امن کیلئے زبانی جمع خرچ کی بجائے عملی اقدامات کیے ، سی پی او محمد فیصل رانا کی گزشتہ تین ماہ کی کارکردگی بتارہی ہے کہ اس وقت راولپنڈی پولیس کی کمانڈ ایک ایسے دلیر اور پروفیشنل سی پی او کے پاس ہے جو اپنے فرائض کی ادائیگی اچھی طرح جانتا ہے ،قانون نے اس کو جو طاقت دی ہے اس سے وہ شرپسندوں ، ملک دشمنوں اور قانون شکنوں کو نکیل ڈالنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور سی پی او محمد فیصل رانا کا پولیس ریکارڈ اس بات کا گواہ ہے کہ انہوں نے ہمیشہ معاشرتی ناسوروں کو نکیل ڈالی ، ان کی قانون پسندوں کے ساتھ مثالی دوستی اور قانون شکنوں کے ساتھ 24/7دشمنی رہی ، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ممتاز عالم دین حافظ اقبال رضوی نے کہا کہ راولپنڈی کے علماء 30اگست 2019کو جامع مسجد سے قدیمی امام بارگاہ تک امن واک نکال کر ثابت کریں گے کہ محرم الحرام سمیت پورا سال قیام امن کیلئے شرپسندوں کے خلاف پولیس اور علماء کا چولی دامن کا ساتھ رہے گا ، اہل تشیع کی نمائندگی کرتے ہوئے علامہ زاہد عباس کاظمی نے کہا کہ شیعہ کمیونٹی قانون پسند اور امن کی دلدادہ ہے، راولپنڈی میں محرم کے دوران تمام مکاتب فکر مثالی عقیدت کے تحت نواسہ رسول ؐ کا غم مناتے ہیں ، یہاں پر شیعہ سنی کی کوئی تفریق نہیں ، ہم یقین دلاتے ہیں کہ عزاداری کے تمام پروگرام قانون کی چھتری تلے منعقد ہوں گے ، ہماری طرف سے نہ ماضی میں کسی کو شکایت کا موقعہ ملا اور نہ مستقبل میں ایسا ہوگا ، ہم نے سی پی او محمد فیصل رانا کے بارے میں سنا ہے کہ وہ قانون پسندوں کو چھیٹرتے نہیں اور قانون شکنوں کو چھوڑتا نہیں ، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عتیق الرحمان نے کہا کہ ہم ایک تھے ، ایک ہیں اور ایک رہیں گے ، سی پی او محمد فیصل رانا کی پولیس کمانڈ ہمیں اس قدر متحد کردے گی جیسے سونا کندن بن جاتا ہے ، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انجمن تاجران کے شاہد غفور پراچہ اور شیخ حفیظ الرحمان نے کہا کہ راولپنڈی کی تاجر برادری قانون شکنوں اور سماج دشمن عناصر کے خلاف سی پی او محمد فیصل رانا کے انقلابی کامیاب اقدامات پر راولپنڈی پولیس کو مبارک باد پیش کرتی ہے ،گزشتہ تین ماہ کے دوران سی پی او محمد فیصل رانا نے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے ایسے اقدامات اٹھائے کہ راولپنڈی کی تاجر برادری کے احساس تحفظ میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے ، ہم یقین دلاتے ہیں کہ محرم الحرام کے دوران راولپنڈی میں قابل رشک قیام امن کیلئے تاجر برادری پولیس اور علماء کرام کے ہر اول دستے کا کردار ادے کرے گی ،اس موقع پر کشمیر سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے شرکاء میٹنگ نے کہا کہ کشمیر ہماری شہ رگ ہے ، انڈیا بھول جائے کہ ہم اپنی شہ رگ کو اپنے سے الگ ہونے دیں گے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سی پی او محمد فیصل رانا نے کہا کہ مجھے راولپنڈی کے جید علماء کرام اور معزز تاجران کے خیالات سن کراس قدر خوشی ہوئی جن کا اظہار لفظوں میں نہیں کیا جا سکتا ، پاکستان ہے تو ہم ہیں ، ہم سب نے ملکر مادروطن پاکستان کے اندرونی اور بیرونی تمام دشمنوں کا قانونی طاقت سے خاتمہ کرنا ہے ، محرم الحرام کے دوران کی جانے والی شرانگیزی ملک دشمنوں کے ناپاک عزائم کی تکمیل کا سبب بن سکتی ہے ، علماء کرام ،تاجران ، مذہبی شخصیات اور پولیس ایک تھے ، ایک ہیں اور ایک رہیں گے ، ہم سب نے محرم کے دوران شر انگیزی کی -"ش"اور نفرت کی "ن"کو بھی بڑھنے نہیں دینا ، جوکہ جلائو گھیرائو اور توڑ پھوڑ ہو توبہت جلدی بڑھ جاتی ہے ، لیکن اس کا خمیازہ بھگتنا پڑتا ہے ، محرم الحرام میں لمحے کی خطاء صدیوں کی سزا میں تبدیل ہوجاتی ہے ،واضح اور دوٹوک پالیسی ہے کہ محرم الحرام میں صرف امن ،اتحاد اور یکجہتی ہوگی ، دن کے ہر لمحے اور راولپنڈی کے چپے چپے پر قانون کی حکمرانی ہوگی ، کسی عقیدے کو چھیڑو نہیں اور اپنے عقیدے کو چھوڑو نہیں کے فارمولے پر سب کو عمل کرنا ہوگا اور قانون اپنی طاقت سے اس پر عمل کروائے گا ، سی پی او محمد فیصل رانا نے کہا کہ راولپنڈی پولیس بیدار ہے ، یہاں کی قانون پسند عوام ، جید علماء کرام اور معزز تاجران یقین رکھیں کہ محرم کے دوران کسی بھی قسم کی قانونی شکنی نہیں ہونے دی جائے گی ، انہوں نے کہا کہ ایس ایس پی انوسٹی گیشن کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی جارہی ہے جو علماء کرام کی شکایات اور تحفظات کو دورکرے گی ، علماء کرام ہمارے رہنما ہیں جن کو وہی احترام دیا جائے گا جس کے یہ مستحق ہیں ، سی پی او نے اعلان کیا کہ امن کمیٹی کی میٹنگ ہرماہ منعقد ہوگی تاکہ یہ ایک فعال معاشرتی ادارے کی شکل اختیار کر سکے اور میری خواہش ہے کہ مختلف مکاتب فکر کے علماء ان میٹنگز کی مساجد اور امام بارگاہوں میں میزبانی کریں تاکہ ہم سب علماء کرام کے پاکیز ہ دسترخوان سے طعام کھا سکیں ، اجلاس کے اختتام پر ملکی سلامتی، امن ، اتحاد و وحدت اور پاکستان کی سرحدوں کی حفاظت کرنے والی پاک افواج کی کامیابی کیلئے خصوصی دعا کروائی ، آخر میں علماء کرام اور تاجروں کے اعزاز میں پرتکلف ظہرانہ دیا۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں