9 مئی مقدمات، شبلی فراز، زرتاج گل، زین قریشی سمیت 20 سے زائد ملزمان کی ضمانتیں منظور

عدالت کی جانب سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپورکی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی منظور کرلی گئی

Sajid Ali ساجد علی بدھ 15 مئی 2024 12:25

9 مئی مقدمات، شبلی فراز، زرتاج گل، زین قریشی سمیت 20 سے زائد ملزمان کی ضمانتیں منظور
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 مئی 2024ء ) عدالت نے 9 مئی کے مقدمات میں پی ٹی آئی رہنماء شبلی فراز، زرتاج گل، زین قریشی اور راجہ بشارت سمیت 20 سے زائد ملزمان کی ضمانتیں منظور کرلیں۔ تفصیلات کے مطابق 9 مئی کے مقدمات میں نامزد سینکڑوں ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا، پولیس نے 9 مئی کے مقدمات میں نامزد 500 سے زائد ملزمان کو راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا جہاں تمام ملزمان کی حاضری لگائی گئی، جس کے بعد انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی رہنماؤں شبلی فراز، راجہ بشارت، زرتاج گل اور زین قریشی سمیت 20 سے زائد ملزمان کی ضمانتیں منظور کرلیں۔

بتایا گیا ہے کہ عدالت کی جانب سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپورکی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی منظور کرلی گئی، تاہم عدالت نے انہیں اگلی سماعت پر پیش ہونے کا حکم دیا ہے، بعد ازاں عدالت نے 9 مئی کے مقدمات کی سماعت 29 مئی تک ملتوی کردی، آئندہ سماعت اڈیالہ جیل میں ہوگی۔

(جاری ہے)

ادھر لاہور کی انسداد دہشت گری عدالت نے 9 مئی جلاؤ گھیراؤ کے 3 مقدمات میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی عبوری ضمانت میں 17 مئی تک توسیع کر دی، عدالت نے ملزم کی اڈیالہ جیل سے ویڈیو لنک پر حاضری مکمل کرانے کا حکم دے دیا، اس حوالے سے انسداد دہشت گری لاہور کی خصوصی عدالت کے جج ڈیوٹی جج ارشد جاوید نے 9 مئی کو جناح ہاؤس حملہ، عسکری ٹاور حملہ اور تھانہ شادمان نزر آتش کرنے کے مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی عبوری ضمانتوں پر سماعت کی۔

سابق وزیراعظم عمران خان کے جونیئر وکلاء کی ٹیم عدالت میں پیش ہوئی اور مؤقف اختیار کیا کہ سینیر وکیل بیرسٹر سلمان صفدر مصروف ہیں مہلت دی جائے، عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوے اگلی سماعت پر بانی پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر سے دلائل طلب کرلیے، انسداد دہشت گردی عدالت نے ملزم کی اڈیالہ جیل سے ویڈیو لنک پر حاضری مکمل کرانے کا حکم دے دیا، جس کے بعد سماعت 17 مئی تک ملتوی کر دی گئی۔

دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف نے 9 مئی کے مقدمات میں دہشت گردی کی دفعہ چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس ضمن میں پی ٹی آئی لیگل ٹیم سربراہ فیصل ملک ایڈووکیٹ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کی آبزرویشن اور دستیاب شواہد کے مطابق 9 مئی کے تمام کیسز سے دہشت گردی کی دفعہ 7 اے ٹی اے خارج کرنے کی درخواستیں دائر کی جارہی ہیں، سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ راولپنڈی کے ضمانت منظور کرنے کے فیصلوں میں دہشت گردی دفعات پر سوال اٹھائے گئے ہیں، دہشت گردی دفعات کو 29 مئی کی سماعت میں چیلنج کریں گے۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں