کشمیر پر قومی پالیسی تشکیل دینی چاہیے دو طرفہ تعلقات کامیاب نہیں ہوئے ،سردار عتیق

کشمیری ہندوستان کے ساتھ ہونے والے کسی بھی معاہدے میں شامل نہیں،بھارت دہشتگرد ملک ،مودی انسانیت کا قاتل ،ہم مقبوضہ کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، سابق وزیراعظم آزاد کشمیر

جمعرات 16 مئی 2024 19:35

مظفرآباد/راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مئی2024ء) آل جموں وکشمیرمسلم کانفرنس کے صدر وسابق وزیر اعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ کشمیر پر قومی پالیسی تشکیل دینی چاہیے دو طرفہ تعلقات کامیاب نہیں ہوئے ، کشمیری ہندوستان کے ساتھ ہونے والے کسی بھی معاہدے میں شامل نہیںہیں اس لیے کشمیری کسی معاہدے کو تسلیم نہیں کرتے ۔

بھارت دہشتگرد ملک اور مودی انسانیت کا قاتل ہے، ہم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہیں،مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی پامالیاں انتہا کو پہنچ چکی ہیں مگر کشمیری پورے عزم و ہمت کیساتھ ڈٹے ہوئے ہیں،عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں بند اور اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کروائے۔

(جاری ہے)

ان ِخیالات کااظہارانہوں نے مجاہد منزل میں مسلم کانفرنسی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس غازیوں،شہیدوں کا قافلہ اور تحریک آزادی کی بانی جماعت ہے۔ مسلم کانفرنس کشمیر کے تشخص اور پاکستان سے الحاق کی داعی جماعت ہے۔ ہمارا کسی سے کوئی ذاتی جھگڑا نہیں لیکن عقیدے اور نظریے پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ 1932میں سرینگر سے جس سفر کاآغاز کیاتھا تاریخ بتارہی ہے کہ ہمارے ماضی کے فیصلے درست تھے وہ اہلیان کشمیر کے لیے سود مند ثا بت ہوئے۔

انہوں نے کارکنوں پر زور دیتے ہوئے کہاکہ کارکنان اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں۔ مضبوط اور مستحکم پاکستان ہی کشمیریوں کی آزادی کا ضامن ہے ہر کشمیری کی خواہش ہے کہ پاکستان معاشی اور اقتصادی لحاظ سے مضبوط ہو۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں