آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ترکیہ کے وزیر خارجہ حکان فدان کی ملاقات

ملاقات میں آرمی چیف اور ترکیہ کے وزیر خارجہ نے گہرے تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیااورباہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا،آئی ایس پی آر

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 20 مئی 2024 11:10

آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ترکیہ کے وزیر خارجہ حکان فدان کی ملاقات
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20 مئی 2024 ) آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ترکیہ کے وزیر خارجہ حکان فدان نے ملاقات کی جس دوران دونوں ممالک نے گہرے تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا،پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں آرمی چیف اور ترکیہ کے وزیر خارجہ نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دونوں ممالک نے تاریخی، ثقافتی اور مذہبی رشتوں پر قائم گہرے تعلقات پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ وزیر خارجہ حکان فدان نے خطے میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے میں پاک فوج کے کردار کو سراہا۔خیال رہے کہ ترکیہ کے وزیر خارجہ گزشتہ روز دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچے تھے، ایڈیشنل سیکریٹری خارجہ احمد نسیم وڑائچ نے ایئرپورٹ پر مہمان وزیر خارجہ کا پرتپاک استقبال کیا تھا۔

(جاری ہے)

ترک وزیر خارجہ وزیراعظم محمد شہبازشریف سے ملاقات کریں گے۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ترک وزیر خارجہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے بھی تفصیلی گفتگو کریں گے، فریقین دوطرفہ تعلقات کی صورتحال کا جائزہ لیں گے۔ دونوں ممالک کے درمیان آئندہ اعلیٰ سطح کی ملاقاتوں کی تیاریوں کا جائزہ لیں گے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر سے آسٹریلین چیف آف ڈیفنس فورسز جنرل ایگنس جے کیمپ بیل کی ملاقات ہوئی تھی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آسٹریلین ڈیفنس فورسز کے سربراہ جنرل اینگس جے کیمبل نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی تھی ۔ ملاقات کے دوران دو طرفہ پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی، جبکہ عالمی اور علاقائی سلامتی کی صورتحال اور مسلح افواج کے درمیان تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں