حضور ؐ کی آمد کی خوشیاں منانا عین عبادت ہے، ڈاکٹر غضنفر مہدی

پیر 19 نومبر 2018 23:26

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2018ء) پاکستان تحریک انصاف علماء و مشائخ ونگ علامہ ظہیر ھاشمی، چیئرمین مرکزی امام حسین کونسل ڈاکٹر غضنفر مہدی اور دیگر مقررین نے راولپنڈی میں منعقدہ سالانہ عالمی بین المذاہب ’’عید میلاد النبیؐ کانفرنس ‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آنحضور نبی اکرمؐ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر دنیا سے انتہا ء پسندی، دہشت گردی اور فرقہ واریت کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے،حضرت محمد ؐ کو رحمت العالمین بنا کر بھیجا گیا، باعث تخلیق کائنات کے پیغام کی بنیاد مضبوط معاشرتی انصاف اور برابری پر مبنی ہے ،حضور ؐ کی آمد کی خوشیاں منانا عین عبادت ہے،آنحضور ؐ نے کمزور اور مظلوم طبقات کو پہچان دینے کے ساتھ ساتھ ان کی آواز بھی بنے ،امت مسلمہ اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہو کر انصاف ،رواداری اور بھائی چارے کی فضاء کے فروغ کو یقینی بنا سکتی ہے ۔

(جاری ہے)

کانفرنس کا انعقاد مرکزی امام حسین کونسل کے زیر اہتمام کیا گیا تھا جس کا موضوع ’’انتہاپسندی دہشت گردی اور فرقہ واریت کا تدارک آنحضور نبی اکرم کی تعلیمات کی روشی میں ہوگا‘‘ تھا ۔اس موقع پر ایم این اے ملک فرید خان ، پیر ساجد مکی ،پیر کرامت قادری ،مفتی ظہور ھاشمی ،نعیم اکرم قریشی ، رقیہ شاہ بی بی و دیگر موجود تھے ۔مقررین نے کہاکہ نبی اکرم ؐ نے امت مسلمہ کو امن و محبت اور صبر و تحمل کا درس دیا جس پر عمل پیرا ہو کر دنیا و آخرت میں فلاح و کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے ۔

مقررین نے کہاکہ نبی آخرالزمان کی زندگی امت مسلمہ کے لیے مشعل راہ ہے ۔پیر ساجد مکی نے کہاکہ دنیا بھر میں ایک ارب سے زائد مسلمان ہر قسم کی دولت اور صلاحیتوں سے آراستہ ہیں تاھم دنیاوی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے آنحضور ؐ کی تعلیمات پر کماحقہ کاربند ہونا ازبس ضروری ہے ۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں