ٹریفک اشاروں کی پابندی کرنا ہم سب کی اولین ذمہ داری ہے، چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی

جمعہ 14 دسمبر 2018 21:21

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2018ء) چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی محمد بن اشرف نے کہا ہے کہ ٹریفک اشاروں کی پابندی کرنا ہم سب کی اولین ذمہ داری ہے، محفوظ اور بہترین ٹریفک نظام اشاروں پر عمل کرنے سے ہی ممکن ہے۔ اس امر کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز دی ایجوکیٹرز سکول میں منعقدہ سالانہ روڈ سیفٹی پینٹنگز مقابلے کے دوران روڈ سیفٹی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر سینئر ٹریفک آفیسر ایس پی تیمور خان ، انچارج ایجوکیشن ونگ انسپکٹر قیصر ستی اور دیگر ٹریفک سٹاف کے علاوہ سکول کے پرنسپل ، اساتذہ اور سٹاف بھی موجود تھا۔ نجی سکول میں منعقدہ سالانہ روڈسیفٹی پینٹنگز مقابلے میں سکول کے بچوں نے اپنے ہاتھوں سے بنائی ہوئی پینٹنگز پیش کیں، پینٹنگز میں ٹریفک کے مختلف اشارے ، ٹریفک سائنز اور دیگر ٹریفک سے متعلق قوائد و ضوابط کے حوالے سے ان کی پینٹنگ بنا کر شہریوں کو شاہراہوں پر اشاروں کا احترام کرنے کے حوالے سے ایک منفرد انداز میں پیغام دیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سی ٹی او محمد بن اشرف نے بچوں کی بنائی ہوئی پینٹنگز میں گہری دلچسپی لی اور بچوں کی اس عظیم کاوش پر حوصلہ افزائی کرتے ہوئے شاباش دی، اس دوران روڈ سیفٹی آگاہی کے حوالے سے سکول میں روڈ سیفٹی سیمینار بھی منعقد کیا گیا، سالانہ روڈ سیفٹی پینٹنگز مقابلوں میں پوزیشن ہولڈر بچوں کو راولپنڈی ٹریفک پولیس کی جانب سے چیف ٹریفک آفیسر محمد بن اشرف نے انعامات پیش کئے۔

متعلقہ عنوان :

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں