آئیسکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شاہد اقبال کا راولپنڈی چیمبر آ ف کامرس کا دورہ

بدھ 13 نومبر 2019 00:02

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 نومبر2019ء) آئیسکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شاہد اقبال نے راولپنڈی چیمبر آ ف کامرس کا دورہ کیا اور تاجروں کے اجلاس سے خطاب کیا۔ اس موقع پر صدر صبور ملک ، گروپ لیڈرز سہیل الطاف، ایس ایم نسیم ، سینئر نائب صدر نوشیروان خلیل ، نائب صدر حمزہ سروش، سابق صدور، انجمن تاجران کے نمائندے اور چیمبر ممبران بھی موجود تھے۔

تاجروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ روات انڈسٹریل اسٹیٹ میں گرڈ سٹیشن کے قیام اور اضافی فیڈر کی تنصیب ترجیحی بنیاد پر کی جائے گی۔ گھریلو صارفین کے ساتھ ساتھ کمرشل سرگرمیوں کے اضافے اور صنعتی پیداوار بڑھانے کے لیے فی یونٹ 11.97روپے کا فلیٹ ٹیرف متعارف کرایا جا رہا ہے۔ جو نومبر تا فروری رہے گا ٹیرف کا اطلاق ان اضافی یونٹس پر ہو گا جوپچھلے سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں زیادہ خرچ کیے گئے۔

(جاری ہے)

بجلی چوری روکنے، غلط ریڈنگ اور صارفین کی سہولت کے لیے جلد ہی AMIپروگرام کے تحت سمارٹ میٹرنگ متعارف کرائے جائے گی۔نیٹ میٹرنگ کا ایک سیل موجود ہے۔ اندرون شہر ، گنجان پلازوں اور مارکیٹوں سے بوسیدہ تاروں کو تبدیل کیا جا رہا ہے، میٹر منقطع کرنے کے حوالے سے بھی انجمن تاجران کو اعتماد میں لیا جائے گا۔بے ہنگم تاریں ہٹانے کے لیے انجمن تاجران اور چیمبر پر مشتمل رابطہ کمیٹی قائم کی جائے گی ۔

ایسے صارفین جنھوں نے شیڈول بنکوں کے علاوہ بل جمع کروائے اوربقایا جات لگ کر آگئے ، وہ بل کی رسید دکھا کر بقایاجات واپس کروا سکتے ہیں۔ سالانہ مرمت و دیکھ بھال کے پروگرام کے تحت فیڈرز کی بندش پندرہ دسمبر تک رہے گی تاہم صارفین خاص طور پر کمرشل صارفین کے مسائل کو دیکھتے ہوئے اس بات کا خیال رکھا گیا ہے کہ بندش کا دورانیہ متبادل دنوں میں ہو۔

بندش سے پہلے صارفین کو ایس ایم ایس اور اخبار کے ذریعے مطلع کیا جا ر ہا ہے۔ اس موقع پر صدر صبور ملک نے کہا کہ آئیسکو کمرشل اور صنعتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے زیادہ سے زیادہ سہولتیں دے، آئیسکو بورڈ میں چیمبر کو نمائندگی دی جائے، گلورئیس راولپنڈی پروجیکٹ کے تحت شہر کی مارکیٹوں کی خوبصورتی کے لیے آئیسکو کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔روات انڈسٹریل سٹیٹ میں گرڈ سٹیشن کی تنصیب جلد کی جائے تاکہ صنعت ترقی کرے، کمپلینٹ سیل کے قیام کے لیے چیمبر بھرپور تعاون کرے گا۔ سالانہ ٹیکس سرٹیفیکٹ بھی جاری کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں