جہالت ایک ایسا اندھیرا ہے جس کے اندر چھپی غربت اور اس کے ساتھ جڑی بے شمار خرابیاں معاشرے کو تباہ کر دیتی ہیں‘راجہ راشد حفیظ

اتوار 8 دسمبر 2019 12:55

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 دسمبر2019ء) پنجاب کے وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ جہالت ایک ایسا اندھیرا ہے جس کے اندر چھپی غربت اور اس کے ساتھ جڑی بے شمار خرابیاں معاشرے کو تباہ کر دیتی ہیں ․وفاق پاکستان کی تمام اکائیوں کو اس لعنت کے خلاف ایک ہو کر جدوجہد کرنی ہے ․ اس سلسلے میں بین الصوبائی تعاون ایک دوسرے کے تجربات اور مہارتوں سے استفادہ کرکے مطلوبہ نتائج حاصل کرنے کیلئے ازحد ضروری ہے ․ انہوں نے ان خیالات کا اظہار شرخ خواندگی میں اضافے کیلئے بین الصوبائی تعاون کو فروغ دینے کے سلسلے میں سندھ کے دورے کے دوران سندھ مدرسہ بورڈ کے زیر انتظام چلنے والے کراچی کے ایک لٹریسی سنٹرمیں طلباء وطالبات اور اساتذہ کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ․ سندھ مدرسہ بورڈ کے حکام اور لٹریسی سنٹر کی انتظامیہ نے مدرسہ پہنچنے پر پنجاب کے وزیر کا پرتپاک استقبال کیا ․ انہیں سندھی ٹوپی اور اجرک پہنائی گئی جبکہ انہیں مینار پاکستان کی شیلڈ پیش کرکے سندھی عوام کی جانب سے پنجاب کے عوام کے ساتھ اخوت و بھائی چارے اور یک جہتی و ہم آہنگی کا اظہار بھی کیا گیا ․ راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ جہالت اور غربت ہمارے مشترکہ دشمن ہیں جن کے خلاف ہم نے باہم متحد ہو کر لڑنا ہے ․ ہم سندھ سمیت دوسرے صوبوں کے تجربات کو جاننے اور ان سے استفادہ کرنے کیلئے دورے کرتے رہیں گے جبکہ ہمارے تجربات اور مہارت بھی آپ سب کیلئے موجود ہے ․ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت سکولوں سے باہر ہر ایک بچے کو تعلیم جیسا اس کا بنیادی حق دینے کی عملی جدوجہد کر رہی ہے جبکہ ہم نے تعلیم بالغاں کیلئے بھی نتیجہ خیز اقدامات اٹھائے ہیں ․ ان اقدامات میں مزید بہتری اور وسعت کی گنجائش موجود ہے اور میرے سندھ کے دورے کا مقصد بھی یہی ہے کہ ہم اپنے سندھی بھائیوں کے تجربات سے استفادہ کرکے ان کاوشوں کو نتیجہ خیزی کی طرف لے جا سکیں ․ انہو ںنے کہا کہ ہم نے باہمی تعاون سے جہالت اور غربت کے عفریتوں کا خاتمہ کرنا ہے ․ جہالت غربت کی ماں اور غربت جہالت کو پالتی ہے اور یہی دو بنیادی اسباب معاشرے میں پنپنے والے بے شمار جرائم اور خرابیوں کی وجہ ہیں ․ راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ علم و آگہی کامیابی کے در کھولتی ہے اس لئے طلبہ کو چائییے کہ وہ اپنی پوری توجہ کے ساتھ علم حاصل کریں جبکہ اساتذہ کو اس احساس کے ساتھ کے وہ ایک مقدس اور پیغمبرانہ پیشے سے وابستہ ہیں ، اپنے فرائض پوری ایمانداری ، خلوص نیت اور محنت کے ساتھ ادا کرنے چائییں․ راجہ راشد حفیظ نے اپنے دورے کو انتہائی مفید اور کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ میں یہاں سے پر خلوص محبتوں کا قرض لے کر جا رہا ہوںاور اللہ تعالی کے حضور دعا گو ہوں کہ وہ میرے سندھی بھائیوں بالخصوص کراچی کے باسیوں کو دین اور دنیا کی فلاح ، علم و آگہی اور خوشحالی عطا فرمائیں-

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں