کمشنر گلزار حسین شاہ کی زیر صدارت راولپنڈی ڈویژن کو خوبصورت بنانے کیلئے اجلاس

جی ٹی روڈ پر موجود کوڑا کرکٹ کے ڈھیر اٹھانے اور ان کو کسی مناسب جگہ پر ڈمپ کرنے بارے بریفنگ

منگل 7 دسمبر 2021 23:42

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 دسمبر2021ء) کمشنر راولپنڈی سید گلزار حسین شاہ کی زیر صدارت راولپنڈی ڈویژن کو خوبصورت بنانے کے سلسلے میں اہم اجلاس ہوااجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈی نیشن سیف انور جپہ،اے ڈی سی آر عثمان اشرف،ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن تابندہ سلیم پی ایچ اے ہارٹیکلچر اتھارٹی راولپنڈی اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران جی ٹی روڈ پر موجود کوڑا کرکٹ کے ڈھیر اٹھانے اور ان کو کسی مناسب جگہ پر ڈمپ کرنے کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے ایڈیشنل کمشنر کوآرڈی نیشن سیف انور جپہ نے کہا کہ گزشتہ دنوں لوکل گورنمنٹ نے انٹرڈسٹرکٹ اور جی ٹی روڈ کا سروے کیا ہے اور محکمہ لوکل گورنمنٹ کے افسران جی ٹی روڈ اور انٹرڈسٹرکٹ روڈز پر موجود کوڑا کرکٹ کے ڈھیروں کو صاف کروانے کا کام کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

کمشنر راولپنڈی ڈویژن نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور پٹواریوں کو انٹر ڈسٹرکٹ انٹر تحصیل لیول پر صفائی ستھرائی کے کاموں کو انشور کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ مسلسل تگ و دو اور مسلسل مانیٹرنگ سے ان کوڑا کرکٹ کے ڈھیروں کو ختم کیا جا سکتا ہے۔کمشنر راولپنڈی نے بذریعہ ویڈیو لنک اٹک چکوال اور جہلم کے ڈپٹی کمشنرز سے وہاں کی صفائی کی صورت حال کا جائزہ لیا۔

انہوں نے بتایا کہ گورنمنٹ کی سخت ہدایات ہیں کہ جی ٹی روڈ اور دوسری مین روڈز کے اوپر کوڑے کے ڈھیر ہرگز دکھائی نہ دیں۔مزید برآں انہوں نے کہا کہ مخیر حضرات کے تعاون سے ڈسٹرکٹس میں چوکوں کو خوبصورت بنانے کے لئے عملی اقدامات کرنے چاہئیں انہوں نے کہا پارلیمنٹیرینز بھی اس مہم میں حصہ لیں۔انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ ضلع اور تحصیلوں میں کرونا ایس او پیز کو مدنظر رکھتے ہوئے خوبصورت بنانے کے اقدامات کریں۔انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو اپنے اپنے علاقے میں سپورٹس گالا یا علاقائی کھیل،میچز اور لوکل ایونٹس منعقد کرانے کی ہدایت کی

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں