’’کالج ٹیچرز انٹرنیز‘‘ کی بھرتیوں کیلئے تیار لسٹوں میں بڑے پیمانے پر ردوبدل کا انکشاف

بدھ 8 دسمبر 2021 23:41

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 دسمبر2021ء) ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی جانب سے ’’کالج ٹیچرز انٹرنیز‘‘(CTIs)کی بھرتیوں کے لئے تیار لسٹوں میں بڑے پیمانے پر مبینہ ردوبدل کا انکشاف ہوا ہے ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے اعلان کے مطابق 4اور6دسمبر کو مختلف مضامین کے لئے اہل امیدواروں کے انٹرویو ہونا تھے لیکن ڈائریکٹوریٹ آف کالجزراولپنڈی ڈویژن نے مبینہ طور پر درخواست گزاروں کی لسٹیں تبدیل کر کے سیٹوں میں بڑے پیمانے پرمرضی سے ردو بدل کر دیا ذرائع کے مطابق امیدواروں کی فہرستوں میں3مرتبہ تبدیلی کی گئی اس طرح راولپنڈی کو نظر انداز کر کے یہاں کی سیٹیں کوٹلی ستیاں ،مری ، کہوٹہ اور گوجرخان کو دے دی گئیں ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت کو راولپندی میں 350آسامیوں کا کہا گیا تھا لیکن اشتہار صرف141آسامیوں کا دیا گیا جبکہ درخواست گزاروں کی فہرستوں کو تاریخ اور مجاز اتھارٹی کے دستخطوں کے بغیر آویزاں کیاگیا اسی طرح اقلیتوں کے لئے مختص نشستوں کو بھی ریگولر امیداروں کے نام کر دیا گیا گورنمنٹ کالج جھنڈا چیچی میں اقلیتی نشست پر بھی مسلمان امیدواروں نے درخواستیں جمع کروا دیں جبکہ گورنمنٹ وقارالنسا کالج برائے خواتین میں بھی 3سیٹیں کم کر دی گئیں ذرائع کے مطابق امیدواروں کی تعلیمی اسناد کی پڑتال کے لئے تشکیل دی گئی کمیٹی میں گورنمنٹ کالج ظفرالحق روڈ کی ایسی پرنسل کو ممبر نامزد کیا گیا جو خود اپنے عہدے پر ریگولر نہیں ہیں اس ضمن میں بعض امیدواروں نے بھرتیوں کے اس عمل کو مشکوک قرار دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب ، صوبائی وزیر تعلیم اور سیکریٹری تعلیم پنجاب سے اپیل کی ہے بھرتیوں کے اس سارے عمل کا از سرنو جائزہ لے کر اس عمل کو شفاف بنایا جائے

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں