ملکہ کوہسار مری میں پیش آنے والے سانحے پر پنجاب ہائی وے ڈپارٹمنٹ کی رپورٹ موصول

پنجاب ہائی وے اتھارٹی نے سانحہ مری کی ذمہ داری ٹریفک پولیس اور انتظامیہ پر ڈال دی

بدھ 19 جنوری 2022 00:01

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2022ء) ملکہ کوہسار مری میں پیش آنے والے سانحے پر پنجاب ہائی وے ڈپارٹمنٹ کی رپورٹ موصول ہو گئی جس کے مطابق پنجاب ہائی وے اتھارٹی نے سانحہ مری کی ذمہ داری ٹریفک پولیس اور انتظامیہ پر ڈال دی۔رپورٹ میں کہا گیا کہ سانحے کی رات کلڈانہ باڑیاں روڈ پر ٹریفک پولیس کا کوئی اہلکار موجود نہیں تھا، اس روڈ پر گاڑیوں کی کئی قطاریں لگنے سے ٹریفک جام ہوا۔

پنجاب ہائی وے ڈپارٹمنٹ کا اپنی رپورٹ میں کہنا ہے کہ ہائی وے ڈپارٹمنٹ کی گاڑیاں ٹریفک میں پھنس گئی تھیں، گاڑیاں پھنسنے کے سبب سانحے کی رات برف صاف کرنے کا آپریشن ممکن نہیں تھا۔رپورٹ میں پنجاب ہائی وے ڈپارٹمنٹ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سخت موسم کے باوجود نہ انتظامیہ نیٹریفک روکی اور نہ ہی پولیس نے۔

(جاری ہے)

پنجاب ہائی وے ڈپارٹمنٹ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 4 ہزار گاڑیوں کی گنجائش والی جگہ پر بڑی تعداد میں گاڑیاں آنے دی گئیں۔

رپورٹ میں پنجاب ہائی وے ڈپارٹمنٹ نے مزید کہا ہے کہ ڈپارٹمنٹ کی مشینری 7 مقامات پر کام کر رہی تھی۔پنجاب ہائی وے ڈپارٹمنٹ کی رپورٹ میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ ہائی وے ڈپارٹمنٹ کے پاس تصویریں اور ویڈیوز بطور ثبوت موجود ہیں۔واضح رہے کہ رواں ماہ مری میں ہونے والی شدید طوفانی برف باری کے باعث برف میں پھنسی گاڑیوں میں سوار 23 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں