قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا پہلے ون ڈے میں کامیابی پر خوشی کا اظہار

تماشائیوں کے سامنے کھیلنے کا لطف ہی کچھ اور ہوتا ہے ،فی الحال تو زمبابوے کیخلاف ون ڈے سیریز پر توجہ مرکوز ہے، اس کے بعد ٹی ٹوئنٹی کے بارے میں غور کریں گے،گفتگو

ہفتہ 31 اکتوبر 2020 15:55

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا پہلے ون ڈے میں کامیابی پر خوشی کا اظہار
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 اکتوبر2020ء) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے پہلے ون ڈے میں کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تماشائیوں کے سامنے کھیلنے کا لطف ہی کچھ اور ہوتا ہے ،فی الحال تو زمبابوے کیخلاف ون ڈے سیریز پر توجہ مرکوز ہے، اس کے بعد ٹی ٹوئنٹی کے بارے میں غور کریں گے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ کسی سطح کی کرکٹ بھی ہواس کا دبائو ضرور ہوتا ہے، ڈومیسٹک میچ بھی اس کے بغیر نہیں ہوتا،ابتدا میں نروس کرنے والے لمحات آتے ہیں،میں اپنی صلاحیتوں پر یقین رکھتے ہوئے اس پریشر سے نکلتا اور جانتا ہوں کہ ٹیم کی بیٹنگ میرے گرد گھومتی ہے، اس لیے دیگر بیٹسمینوں کو ساتھ چلانے کی کوشش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ وہ ہوم سیریز میں بھی قیادت کا حق اداکرنے کیلئے پرعزم ہیں،خوش قسمتی سے آئی سی سی سپر لیگ کی پہلی سیریز اپنے ہوم گراونڈ پر کھیلنے کا موقع مل رہا ہے،بطور کپتان میرے لیے بھی یہ بڑے اعزاز کی بات ہے، تماشائیوں کے سامنے کھیلنے کا لطف ہی کچھ اور ہوتا ہے مگر کورونا کی وجہ سے فی الحال خالی میدان میں ہی کھیلنا پڑے گا۔

(جاری ہے)

ایک سوال پر بابر اعظم نے کہا کہ حیدر علی جارحانہ بیٹنگ کرتے جبکہ عبداللہ شفیق تھوڑا وقت لینے کے بعد نیچرل اسٹروکس کھیلتے ہیں،دونوں کا مزاج مختلف مگر باصلاحیت ہیں اور ان کا مستقبل روشن نظر آرہا ہے،میری کوشش ہوگی کہ ان کو سپورٹ کروں، ابھی تک خود جو سیکھا ان میں منتقل کروں گا تاکہ کھیل میں مزید نکھار آئے، ہوم سیریز میں جہاں موقع ہوا نوجوانوں کو آزمائیں گے۔

بابر اعظم ٹیسٹ کپتانی کا سوال گول کرگئے، زمبابوے کیخلاف ون ڈے سیریز سے قبل ویڈیو پریس کانفرنس میں طویل فارمیٹ میں بھی قیادت سنبھالنے کے سوال پر انھوں نے کہا کہ ابھی اس بارے میں سوچنے کی ضرورت نہیں،فی الحال تو زمبابوے کیخلاف ون ڈے سیریز پر توجہ مرکوز ہے، اس کے بعد ٹی ٹوئنٹی کے بارے میں غور کریں گے۔ایک روزہ کرکٹ میں پہلی بار قیادت کے سوال پر انھوں نے کہا کہ مجھے مختصر فارمیٹ کا تجربہ حاصل ہے، اسی کی مدد سے اس سیریز میں بھی ٹیم کی کمان سنبھالوں گا۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں