ساہیوال، وراثتی انتقال کے بیانات پٹواریوںکو منتقل ہونے سے وراثتی انتقال مشکل ہو گیا

اتوار 18 اگست 2019 18:15

ساہیوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2019ء) وراثتی انتقال کے بیانات پٹواریوںکو منتقل ہونے سے وراثتی انتقال مشکل ہو گیا ‘ پٹواری شجرہ نصب اور بیانات کے عوض بھاری رشوت لینے لگے ‘ وراثتی انتقال والے سائلین رل گئے ‘اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کامطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق کروڑوں روپے کی لاگت سے ساہیوال میں تیارکردہ اراضی ریکارڈ سنٹر کو ناکام بنانے اور پٹوارکلچر کے فروغ کیلئے پٹواریوں نے افسران کی ملی بھگت سے وراثتی انتقال کے بیانات اپنی طرف منتقل کروالئے جس کے باعث سائلین کو اراضی سنٹر اور پٹوارخانوں کے چکر لگانے پڑتے ہیں۔

سائلین کا کہناتھا کہ وراثتی انتقال کا اندراج اراضی ریکارڈ سنٹرہونے سے ایک ہی جگہ پر تمام پراسس مکمل ہوجاتاتھا لیکن اب آدھا کام اراضی ریکارڈ سنٹر اور آدھا کام پٹواریوںکے ذمے لگنے سے وہ خوار ہورہے ہیں۔

(جاری ہے)

پٹواری شجرہ نصب او ربیانات دلوانے کیلئے ٹال مٹول کرتے رہتے ہیں اور اگر پٹواری کام کردے تو متعلقہ نائب تحصیلدار غائب ہونے سے کافی دن وراثتی انتقال کا اندراج نہیں ہوتا جس سے انہیں وراثتی انتقال کیلئے شدید پریشانی کا سامنا کرناپڑتاہے۔

پنجاب کے تمام شہروں میں وراثتی انتقال کا اندراج اور بیانات اراضی ریکارڈ سنٹر میں لئے جارہے ہیں جبکہ ساہیوال میں پٹواریوں نے افسران کی ملی بھگت سے بیانات اپنی طرف منتقل کروائے ہیں۔ انہوںنے کمشنر‘ڈپٹی کمشنر ساہیوال اور ڈی جی لینڈ ریکارڈ اتھارٹی سے نوٹس لینے کامطالبہ کیاہے۔

متعلقہ عنوان :

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں