ساہیوال ۔ ماحولیاتی آلودگی کو ختم کرنے کیلئے ہر فرد کردار کریں ،ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری

منگل 20 اگست 2019 18:08

ساہیوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2019ء) ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری محترمہ غزالہ انور وٹو نے کہا ہے کہ ملک میں بڑھتی ماحولیاتی آلودگی سے کوئی بھی خوش نہیں لیکن اس پر قابو پانے کیلئے ہر محب وطن شہری کو اپنا اہم کردار ادا کرتے ہوئے پلانٹ فار پاکستان مہم میں حصہ لیکر بھرپور طریقے سے شجر کاری کرنا ہو گی تا کہ ماحولیاتی آلودگی میں کمی کے ساتھ ساتھ ہم ابر رحمت سے بھی بروقت مستفید ہو سکیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں گورنمنٹ ہائی سکول میں پلانٹ فار پاکستان مہم کے تحت جاری شجرکاری کے سلسلہ میں پودے لگانے کے موقع پر کیا ۔ اس موقع پر پرنسپل رانا نوید عظمت ،اساتذہ کرام اور سکول اسٹاف کے علاوہ بچوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت درختوں کی اشد ضرورت ہے اور اب اگر شجرکاری نہ کی گئی تو آنیوالے وقت میں یہاں رہنا دشوار ہو جائے گا ۔

ایک بڑا درخت چار افراد کیلئے ایک دن کی آکسیجن پیدا کرتا ہے جبکہ فوٹو سینتھیسز عمل کے دوران کاربن ڈائی آکسائیڈ جذب کرتا ہے جو کہ انسانی بقا کیلئے از حد ضروری ہے۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈی محترمہ غزالہ انور وٹو نے کہاکہ جنگلات فضا کو معتدل اور خوشگوار بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں اور اسی مقصد کیلئے کسی بھی ملک کا 25 فیصد رقبہ جنگلات پر مشتمل ہونا چاہیے لیکن پاکستان کا صرف 5 فیصد رقبہ جنگلات پر مشتمل ہے جو کہ مخدوش اور خطرناک صورتحال ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان جنگلات کی اہمیت کے پیش نظر شجر کاری کو خصوصی اہمیت دے رہی ہے لیکن معاشرے کے باشعور اور محب وطن شہریوں کو بھی شجر کاری میں حصہ لے کر حکومت کا ہاتھ بٹانا ہوگا اور زیادہ سے زیادہ پودے لگا کر ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ۔پرنسپل رانا نوید عظمت نے بتایا کہ سکول میں 300 پودے لگا کر اس خصوصی مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے ۔پودے لگانے کا یہ سلسلہ نہ صرف سکول میں جاری رہے گا بلکہ طالب علموں کو بھی اس نیک کام کی ترغیب دی جاتی رہے گی ۔

متعلقہ عنوان :

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں