ساہیوال،ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر احتشام انور نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا

ہفتہ 19 اکتوبر 2019 17:41

ساہیوال۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2019ء) ساہیوال میں نئے تعینات ہونے والے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر احتشام انور نے اپنے عہدے کا چارج سنبھال کر فرائص کی بجا آوری شروع کر دی ہے ۔ وہ یہاں تعیناتی سے قبل ڈپٹی کمشنر مظفر گڑھ ذمہ داریاں ادا کر رہے تھے ۔ڈاکٹر احتشام انور کا تعلق پاکستان ایڈ منسٹریٹو سروس کے سنیئر افسران میں شمار ہوتا ہے اور وہ سیکرٹریٹ میں بھی اہم عہدوں پر تعینات رہ چکے ہیں ۔

ڈپٹی کمشنر ساہیوال کا عہدہ سنبھالنے کے بعد انہوں نے تمام صوبائی محکموں کے سر براہان کی خصوصی میٹنگ میں اپنے ایجنڈے کے بارے میں تفصیلاً تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے زور دیاکہ سرکاری افسران کی بنیادی ذمہ داری عوام کے مسائل کا فوری حل اور ان کی مشکلات میں کمی لانا ہے جس کیلئے تمام دستیاب وسائل برو ئے کار لائے جائینگے ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر احتشام انور نے دفاتر میں پابندی وقت کو ملحوظ خاطر رکھنے کی سختی سے ہدایت کی اور کہا کہ وہ ذاتی طور پر دفاتر میں افسران اور اہلکاروں کی حاضری چیک کریں گے تا کہ عوام دفاتر میں مسائل کے حل کیلئے آئیں تو انہیں کوئی اہلکار غیر حاضر نہ ملے ۔

ڈپٹی کمشنر ساہیوال ڈاکٹر احتشام انور نے تمام محکموں کے ضلعی سربراہان سے فرداً فرداً تعارف بھی کیا اور کہا کہ ایک ٹیم ورک کے طور پر مسائل کا حل نکالا جائے گا اور ساہیوال کو ایک ماڈل ضلع بنانے کی بھرپور کوشش کی جائیگی جس کیلئے تمام افسران کے ساتھ ساتھ عوام کا تعاون بھی ازحد ضروری ہے۔

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں