ساہیوال ۔جامعہ فریدیہ کا جلسہ تقسیم اسناد ،دیگر عرس مبارک واجتماعی دعا سوشل میڈیا اور ٹی وی چینلز کے ذریعہ نشر ہوئی

پیر 6 اپریل 2020 19:12

ساہیوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اپریل2020ء) جامعہ فریدیہ کے 59ویں دو روزہ سالانہ جلسہ تقسیم اسناد ‘ سیدنا بابا فرید الدین‘ خواجہ میاں علی محمد خاں‘ پیر شاہ چراغ اور فریدالعصر علامہ ابوالنصر منظور احمد شاہ علیہ الرحمہ بانی و مہتمم جامعہ فریدیہ کے عرس مبارک کے موقع پر ہونے والی اجتماعی دعا سوشل میڈیا اور ٹی وی چینلز کے ذریعہ نشر ہوئی جس میں دنیا کے مختلف ممالک سے لاکھوں افراد شریک ہوئے۔

دفعہ 144کی وجہ سے عوامی اجتماع منسوخ کر دیا گیا تھا تا ہم لوگوں نے اپنے اپنے گھروں میں رہتے ہوئے دعا میں شرکت کی ۔ کرونا وائرس سے نجات ‘عالم اسلام کی سربلندی ‘ ملکی سلامتی اور چیچنیا‘ بوسنیااور کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کیلئے خصوصی دعا مہتمم جامعہ فریدیہ ڈاکٹر مفتی محمد مظہر فرید شاہ نے کرائی۔

(جاری ہے)

دعا سے قبل خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب بندہ اپنے گناہوں پر نادم ہو کر اپنے رب کی بارگاہ میں حاضر ہو جاتا ہے تو اللہ بھی اس کے گناہوں کو معاف کر دیا کرتا ہے۔

آج پوری دنیامصائب میں گھری ہوئی ہے جس کی وجہ رب تعالیٰ کی ناراضگی ہے۔ دنیو ی واخروی نجات رجوع الی اللہ میں ہی مضمر ہے ۔ دعا کے بعد پیر شاہ چراغ اور پیر ابوالنصر منظور احمد شاہ کے مزار شریف کی چادرپوشی کی گئی۔ اس موقع پر صاحبزادہ علامہ پیر فیض الحسن شاہ ‘صاحبزادہ علامہ پیر محمد اظہر فرید شاہ‘ صاحبزادہ پیر محمد اکرم شاہ ‘ حاجی محمد سلیم فریدی‘ الحاج احسان الحق فریدی‘ حاجی عبدالغفور فریدی ‘ حاجی محمد یوسف فریدی نے بھی شرکت کی ۔ یاد رہے کہ طلبہ و طالبات کی دستار فضیلت اور تقسیم اسناد کی تقریب تا حکم ثانی ملتوی کر دی گئی ۔نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا ۔

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں