سرگودھا ،پنجاب بھر میں عوام کو غذائیت میں کمی ،غذائی عدم تحفظ اور خوراک میں وٹامن کی کمی سے بچانے کیلئے حکومت مثبت اقدامات کر رہی ہے ،عبدالسلام عارف

منگل 16 اکتوبر 2018 22:28

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اکتوبر2018ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عبدالسلام عارف نے کہا ہے کہ پنجاب بھر میں عوام کو غذائیت میں کمی ،غذائی عدم تحفظ اور خوراک میں وٹامن کی کمی سے بچانے کیلئے حکومت مثبت اقدامات کر رہی ہے جس میں متوازن غذائی اجزا کی فراہمی آئیوڈائزڈ نمکیات شامل ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں خوراک کے عالمی دن کے حوالہ سے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں محکمہ خوراک ،صحت ،سوشل ویلفئر ،تعلیم و دیگر محکموں کے افسران اور اہلکاروں نے شرکت کی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ غذائیت کی کمی کے باعث انسانی جسم میں بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت میں کمی واقع ہو جاتی ہے ۔پنجاب میں ایک اندازے کے مطابق پانچ سال سے کم عمر 34فیصد بچے وزن کے لحاظ سے کمزور ،39.2،فیصد قد میں چھوٹے اور 13.07فیصد بچے سوکڑے کا شکار ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ غذائیت کی کمی حاملہ خواتین میں کئی بیماریوں کو جنم دیتی ہیں۔ ماں میں دودھ کی پیداواری صلاحیت میں کمی واقع ہو جاتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے قیام سے عوام کو ملاوٹ سے پاک صاف صحت مند اور غذائیت سے بھر پور خوراک کی دستیابی ممکن ہو رہی ہے۔ انہوںنے توقع کا اظہار کیا کہ مستقبل میں ملک غذائیت کی کمی کا مقابلہ کرنے میں کامیاب ہو جائے گا۔

اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر سہیل اصغر قاضی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ فاسٹ فوڈ لوگوں میں پیٹ کی بیماریاں پیدا کر رہا ہے جبکہ یہ خوراک بلڈ پریشر اور امراض دل کا بھی پیش خیمہ ہے انہوںنے کہا کہ آڈیوڈین ملا نمک بچوں میں ذہنی اور جسمانی بیماریوںکو روکنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے ۔انہوںنے عوام پر زور دیا کہ وٹامن اے اور ڈی پر مشتمل کھانے کا تیل اور گھی استعمال کریں ڈبے کا دودھ نومولود کیلئے ماں کے دودھ کا نعم البدل نہیں۔

فیڈر بچوں کیلئے بیماریوں اور موت کا سبب ہے ۔بچو ں کو چست اور توا نا رکھنے کیلئے انڈا دودھ دہی مکھن گوشت وغیرہ مفید ہیں۔ جبکہ بیج والی سبزیاں اور خشک میوہ جات بھی انسانی جسم کو توانا رکھنے میں اہم کردار کرتے ہیں۔ انہوں نے واضع کیا کہ ٹی وائٹنراور مارجرین انسانی صحت کیلئے مضر ہے انہوںنے عوام پر زور دیا کہ وہ فورٹیفائیڈآٹا استعمال کریں۔جو جسم میں خون کی کمی کو پورا کرتا ہے۔ ایڈیشنل کمشنر نے محکمہ فوڈ کے افسران کو بند کمروں میں کاغذی کاروائی کے بجائے عملی اقدامات کرنے اور عوام کو غذائیت کی کمی کے نقصانا ت سے آگاہ کرنے کیلئے سکولوں کالجوں اور عوامی مقامات پر سیمنار کرنے کی ہدایت کی۔بعد ازاں آگاہی کیلئے واک کی گئی ۔

متعلقہ عنوان :

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں