سرگودھا، خواتین کے تحفظ کیلئے قائم ڈویژنل کمیٹیوں میں خواتین ممبران کی تعیناتیاں بدستور التواء کا شکار، کمیٹیاں فعال نہ ہو سکیں

جمعرات 25 اپریل 2019 22:15

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 اپریل2019ء) خواتین کے تحفظ کیلئے قائم ڈویژنل کمیٹیوں میں خواتین ممبران کی تعیناتیاں بدستور التواء کا شکارہونے سے کمیٹیاں فعال نہ ہو سکیں،ذرائع کے مطابق گذشتہ سال سابقہ ممبران کی مدت پوری ہونے کی وجہ سے صوبہ بھر سے نئے ممبران کے ناموں پر مبنی فہرستیں منظوری کیلئے حکومت پنجاب کو بھجوائی جا چکی ہیں اس عمل کے تحت سرگودھا سے تین خواتین کے نام بطور ڈویژنل ممبر وومن کمیشن بھجوائے گئے جن میں پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج فاروق کالونی و قائم مقام چیئرمین بورڈ کوثر رئیس، تنزیلہ عامر سلطان چیمہ اور رخسانہ بھٹی کے نام شامل ہیں، تاحال ممبران کے ناموں کا اعلان نہ ہوسکا جس کی وجہ سے ظلم و تشدد، گھریلو ناچاقی، دست درازی، جائیداد سے متعلقہ متاثرہ خواتین سمیت دیگر کیسز سے متاثرہ سینکڑوں خواتین بدستور انصاف کیلئے مناسب پلیٹ فارم نہ ملنے کے باعث دربدر دھکے کھانے پر مجبور ہیں۔

متعلقہ عنوان :

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں