سرگودھا:دریائے جہلم، چناب کنارے آباد ہائی رسک ایریا ز میں متوقع سیلاب کی آمد کے پیش نظر تیار کیا گیا میڈیکل کور پلان پر عملدرآمد فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث شروع ہی نہیں ہو سکا

جمعہ 29 مئی 2020 23:50

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 مئی2020ء) دریائے جہلم اور چناب کے کنارے آباد ہائی رسک ایریا ز میں متوقع سیلاب کی آمد کے پیش نظر تیار کیا گیا میڈیکل کور پلان پر عملدرآمد فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث شروع ہی نہیں ہو سکا جبکہ کاغذی کاروائی کر کے حکام بالا کو مطمئن کرنے کا عمل جاری ہے ، ذرائع کے مطابق شاہ پور، ساہی وال، بھیرہ اور کوٹ مومن کے حساس ترین قرار دیئے گئے 104دیہات میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کی جانب سے جو میڈیکل کور پلان جاری کیا ہے اس پر عملی اقدامات ادویات و دیگر وسائل کی عدم دستیابی کے باعث اٹھائے ہی نہیں جا سکے ،اور زیادہ تر کام کاغذی کاروائی میں ہی پورے کئے جا رہے ہیں ذرائع سے اس امر کی تصدیق ہوئی ہے کہ ڈی ایچ اے اور صوبائی حکام کے مابین اس حوالے سے فنڈز کی فراہمی کا معاملہ در پیش ہے جسے حل کرنے میں صوبائی حکام بھی سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر رہے ، ڈی ایچ اے نے میڈیکل کور پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے مجموعی طور پر ایک کروڑ روپے کی ادویات کی ڈیمانڈ بھجوارکھی ہے ، تاہم سیکرٹری صحت پنجاب کی جانب سے کوئی مثبت پیش رفت سامنے نہیں آ سکی ،جس کی وجہ سے متوقع سیلاب اور مون سون کے دوران سرگودھا میں ہیلتھ رسک بڑھنے کا اندیشہ پیدا ہو گیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں