شانگلہ میں گاڑی پر حملہ، 5 چینی باشندے ہلاک

مسافر گاڑی اسلام آباد سے کوہستان جارہی تھی‘ ڈی آئی جی مالاکنڈ نے واقعے کی تصدیق کردی

Sajid Ali ساجد علی منگل 26 مارچ 2024 14:57

شانگلہ میں گاڑی پر حملہ، 5 چینی باشندے ہلاک
شانگلہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 مارچ 2024ء ) صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقہ شانگلہ میں گاڑی پر حملے میں 5 چینی باشندے ہلاک ہوگئے، مسافر گاڑی اسلام آباد سے کوہستان جارہی تھی، ڈی آئی جی مالاکنڈ نے اس افسوسناک واقعے کی تصدیق کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق شانگلہ میں بشام کے مقام پر ایک گاڑی پر حملہ کیا گیا ہے جہاں سامنے سے آنے والی موٹر کار چینی باشندوں کی گاڑی سے ٹکرا گئی، موٹر کار ٹکرانے کے بعد دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں 5 چینی باشندے ہلاک ہوئے۔

ڈی آئی جی مالاکنڈ محمد علی نے بتایا کہ چینی انجینئرز کا ایک قافلہ اسلام آباد سے داسو میں اپنے کیمپ کی طرف جا رہتا تھا کہ اس دوران ایک خودکش بمبار نے بارود سے بھری گاڑی ان کے قافلے سے ٹکرا دی، خود کش حملے میں 5 چینی باشندے ہلاک اور کئی افراد زخمی ہوئے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ چینی باشندوں کی گاڑی بشام سے نکلی تھی کہ راستے میں دوپہر کو تقریباً ڈیڑھ بجے کے قریب یہ حملہ ہوا، حملے میں چینی مسافروں کی گاڑی کا ڈرائیور بھی زخمی ہوا ہے جسے دیگر زخمیوں کے ساتھ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

واقعے کے حوالے سے سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ ابھی فوری طور پر اس بات کا اندازہ نہیں لگایا جا سکا کہ یہ دھماکہ خودکش تھا یا ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے سے بارودی مواد کا استعمال کرتے ہوئے گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔ بتایا جارہا ہے کہ چینی انجینئرز کے ساتھ دہشت گردی کا واقعہ پیش آنے کے بعد علاقے کو قانون نافذ کرنے والے اداروں نے گھیرے میں لے لیا، بم ڈسپوزل اسکواڈ بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گیا جس کی جانب سے دھماکے کی نوعیت جاننے کی کوششیں جاری ہیں۔

شانگلہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں