پانی کی عدم فراہمی کی شکایات کے پیش نظر میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے ڈپٹی میئر کو صورتحال کا جائزہ لینے کی ہدایت

پیر 20 اگست 2018 19:09

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2018ء) شہریوں کی جانب سے پانی کی عدم فراہمی کی شکایات کے پیش نظر میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے ڈپٹی میئر کو صورتحال کا جائزہ لینے کی ہدایت کی ۔ ڈپٹی میئر طارق چوہان نے میئر کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے بکھر آئلینڈ اور واٹر ورکس کا دورہ کر کے صورتحال کا جائزہ لیا اور انچارج واٹر ورکس پیر عطاء الرحمن خان سے معلومات حاصل کیں۔

انچارج واٹر ورکس نے ڈپٹی میئر طارق چوہان کو بتایا کہ فیز III کی لائنوں میں ریت جمع ہونے کی وجہ سے تالاب بھرنے میں مشکلات درپیش تھیں جس کی وجہ سے شہریوں کو پانی کی فراہمی میں تعطل آرہا ہے تاہم لائنوں کی ہنگامی بنیادوں پر صفائی کا کام شروع کردیا گیا ہے ‘ عملہ دن رات لائنوں اور تالابوں کی صفائی کے کام میں مصروف عمل ہے ‘ کام کو جلد سے جلد مکمل کر کے جن علاقوں میں پانی کی فراہمی میں تعطل آرہا ہے ان علاقوں میں فراہمی شروع کردی جائے گی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی میئر طارق چوہان نے انچارج واٹر ورکس کو ہدایت کی کہ عیدالضحیٰ کے موقع پر شہریوں کو بلا تعطل پانی کی فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں ‘ موٹرز‘ پمپس اور جنریٹرز کو فعال رکھا جائے ‘ غیر فعال مشینری کی ہنگامی بنیادوں پر مرمت کرائی جائے ‘ تالابوں میں پانی کا ذخیرہ رکھنے کے ساتھ ساتھ صفائی کا بھی خاص خیال رکھا جائے تاکہ نہ صرف عیدالاضحی کے ایام بلکہ عام دنوں میں بھی شہر میں قلت آب کی شکایت پیش نہ آئے ۔

متعلقہ عنوان :

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں