ڈپٹی کمشنر سکھر کی زیر صدارت محرم الحرام کے انتظامات کے سلسلے میں اجلاس ، سکیورٹی سخت کرنے کا فیصلہ

جمعہ 23 اگست 2019 19:43

سکھر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اگست2019ء) ڈپٹی کمشنر سکھر غلام مرتضیٰ شیخ کی زیر صدارت انکے آفس کے کانفرنس ہال میں محرم الحرام کے حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس کے دوران امن وامان برقرار رکھنے، سکیورٹی ، صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا گیا، جس میںپولیس ، رینجرز ، سول ڈیفنس ، لوکل گورنمنٹ کے افسران سمیت ضلع چیئرمین سکھر نقی خان دھاریجو ، ڈپٹی میئرسکھر طارق چوہان ، ڈی ایچ او سکھر منیر منگریو اور مختلف فرقوں کے علماء کرام نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

اجلا س کے دوران ڈپٹی کمشنر سکھر غلام مرتضیٰ شیخ نے علماء کرام پر زور دیا کہ محرم الحرام کا مہینہ صبر او ر استحکام کا درس دیتا ہے اس میں امن اور بھائی چارے کی فضا کو فروغ دینے کے لیے وہ اپنا کردار اد ا کریں اور اپنے صفحوںمیں اتحاد برقرار رکھیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے میونسپل کارپوریشن، ٹی ایم ایز اور یوسی سیکریٹریز کو ہدایت کی کہ اپنے علاقوں میں تما م امام بارگاہوں ، جلوسوں کے روٹس اور راستوں کی صفائی ستھرائی مکمل طور پر یقینی بنائیں ، جبکہ ڈرینج سسٹم سمیت لائیٹنگ کا نظام بھی درست کیا جائے ۔

ڈی سی سکھر نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران اسکائوٹس اور رضاکاروں کا کردار اہمیت رکھتا ہے ، جن کی ٹریننگ کے لیے سول ڈیفنس اور دیگر اسکائوٹس تنظیمیں کوششیں بروئے کار لائیں اور تربیتی ورکشاپ منعقد کرائی جائیں ۔ ڈی سی سکھر نے ڈی ایچ او کو ہدایت کی کہ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ ہوگی ڈاکٹرز پیرامیڈیکل اسٹاف اور ادویات کی دستیابی یقینی بنائی جائے ، جبکہ جلوسوں کی جگہوں پر ایمبولینسز کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے اسی طرح بڑے اجتماعات اور جلوسوں کے دوران میڈیکل کیمپس لگائے جائیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ محرم الحرام کے عشرے کے دوران ضروری خدمات انجام دینے والے اداروں کے ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں اس ضمن میں کوئی بھی کوتاہی ہر گز برداشت نہیں کی جائیگی ، جبکہ کنٹرول کو فعال بناتے ہوئے متعلقہ محکموں کے افسران کی ڈائریکٹری بنائی جائیگی ، فون اٹینڈ نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائیگی ۔ ڈی سی سکھر غلام مرتضیٰ شیخ نے سیپکو انتظامیہ کو ہدایت کی کہ شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی لٹکی ہوئی تاروں کو اوپر کیا جائے اور مجالس کے اوقات میں لوڈ شیڈنگ سے گریز کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس سمیت اہم جگہوں ، امام بارگاہوں اور مساجد کی سکیورٹی کو سخت کیا جائیگا اس ضمن میں پولیس اور رینجرز کا اہم کردار ہوگا۔

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں