بدھ مت کے پیروکاروں نے بدھا کے یوم پیدائش کا مذہبی تہوار ویساک منایا ، ٹیکسلا کو بدھ مت کی سیاحت کا مرکز بنایا جا سکتا ہے، منیجنگ ڈائریکٹرپی ٹی ڈی سی

پیر 16 مئی 2022 23:58

ٹیکسلا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2022ء) منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن آفتاب الرحمان رانا نے کہا ہے کہ ثقافتی ورثے اور مذہبی اہمیت کے مقامات کا تحفظ اور فروغ ہم سب کی اخلاقی ذمہ داری ہے ، ٹیکسلا کو بدھ مت کی سیاحت کا مرکز بنایا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ مت کے تہوار ویساک کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

بدھ مت کے پیروکاروں کا بدھا کے یوم پیدائش کا مذہبی تہوار ویساک دھرماراجیکا اسٹوپا میں منایا گیا۔اس موقع پر پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی)، ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن آف پنجاب (ٹی ڈی سی پی) اور گندھارا ریسورس سینٹر نے مشترکہ طور پر تقریب کا انعقاد کیا جس میں بدھ مت کے پیروکاروں، مسیحی اور ہندو برادری اور مسلمانوں کی ایک بڑی تعداد نے بدھا سے تعلق رکھنے والی رسومات دیکھنے کے لیے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سری لنکا کے ہائی کمشنر موہن وجے وکرمانے مہابودی ٹری کی روحانی اور ثقافتی اہمیت پر اظہار خیال کیاجبکہ تھائی لینڈ کے سفارت کار چکرایڈ کرائی چائی وانگ نے"پیس بیل" کی روحانی اور ثقافتی اہمیت پر روشنی ڈالی۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے منیجنگ ڈائریکٹرپی ٹی ڈی سی آفتاب الرحمان رانا نے کہا کہ یہ ہماری اخلاقی ذمہ داری ہے کہ ثقافتی ورثے اور مذہبی اہمیت کے مقامات کے تحفظ اور فروغ کے لیے انفرادی اور اجتماعی طور پر کام کریں تاکہ ان کی شناخت برقرار رکھی جا سکے، اس طرح کی تقریبات کے انعقاد سے ٹیکسلا کو بدھ مت کی سیاحت کا مرکز بنایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مہاتما بدھ نے امن، رواداری، محبت اور ہم آہنگی کا پیغام پھیلایا جو کہ وقت کی ضرورت ہے، اس طرح کی تقریبات مذہبی سیاحت کو فروغ دینے اور ملک کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ شرکاء نے ویساک کی تقریب کے انعقاد کے اقدام کو سراہتے ہوئے بدھ مت کے پیروکاروں پر زور دیا کہ وہ پاکستان کا دورہ کریں اور حکومت کو اپنے ورثے کے تحفظ میں مدد کے ساتھ ساتھ مذہبی سیاحت اور مذہبی تہواروں کے حوالے سے تجاویز دیں۔

گندھارا ریسورس سینٹر کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ندیم عمر نے شرکاء کو پاکستانی ثقافتی ورثے کے مقامات کی اہمیت سے آگاہ کیا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی بدھ مت کے ورثے کے کسٹوڈین ہیں، ہم خطے میں بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے پاکستان اور دیگر ممالک میں رہنے والے بدھ مت پیروکاروں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ اس قسم کی تقریبات سے مستقبل میں لاکھوں مذہبی سیاحوں کو پاکستان مدعو کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ تقریب کو کامیاب بنانے اور سہولیات کی فراہمی پر حکومت، پی ٹی ڈی سی اور محکمہ آثار قدیمہ کے مشکور ہیں۔اس موقع پر تھائی لینڈ کے سفارت کارنے کہا کہ پاکستان ہمارا دوسرا گھر ہے اور گندھارا کی سرزمین ہمارے لیے بہت اہم ہے، اس تقریب سے گندھارا اور پاکستان میں سیاحت کو فروغ ملے گا۔

ٹیکسیلا میں شائع ہونے والی مزید خبریں