ٹیکسلا واقعہ، متاثرہ خاتون اور اس کے بیٹے کیخلاف ہی مقدمہ درج کر لیا گیا

وزیر اعلٰی پنجاب مریم نواز کی جانب سے خاتون پر پولیس اہلکار کے تشدد کا نوٹس لیے جانے کے باوجود پولیس نے ایک شہری کی درخواست پر مقدرمہ درج کر لیا

muhammad ali محمد علی پیر 26 فروری 2024 22:18

ٹیکسلا واقعہ، متاثرہ خاتون اور اس کے بیٹے کیخلاف ہی مقدمہ درج کر لیا گیا
ٹیکسلا ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 26 فروری 2024ء) ٹیکسلا واقعہ، متاثرہ خاتون اور اس کے بیٹے کیخلاف ہی مقدمہ درج کر لیا گیا۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق ٹیکسلا میں پولیس اہلکار کی جانب سے خاتون کو سرعام تشدد کا نشانہ بنانے کے واقعے میں پولیس نے متاثر خاتون کیخلاف ہی کاروائی کا آغاز کر دیا۔ وزیر اعلٰی پنجاب مریم نواز کی جانب سے خاتون پر پولیس اہلکار کے تشدد کا نوٹس لیے جانے کے باوجود پولیس نے ایک شہری کی درخواست پر متاثرہ خاتون اور اس کے بیٹے کیخلاف مقدرمہ درج کر لیا ہے۔

اس سے قبل بتایا گیا تھا کہ پنجاب پولیس نے خاتون پر تشدد کرنے والے پولیس اہلکار کو محکمے سے برخاست کر دیا ۔ جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے ٹیکسلا میں بزرگ خاتون کو تھپڑ مارنے کے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ قانون نافذ کرنے والا ہی قانون توڑے گا تو قانون کی کون عزت کرے گا؟ رشوت خوری کیخلاف زیروٹالرنس اور میرٹ میری پالیسی ہے۔

(جاری ہے)

پیر کے روز وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی صدارت میں امن و امان سے متعلق اجلاس ہوا۔ اجلاس میں اعلیٰ حکام کی جانب سے نو منتخب وزیر اعلیٰ پنجاب کو صوبے میں امن وامان کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے وزیراعلیٰ بننے کے بعد ٹیکسلا میں بزرگ خاتون کو تھپڑ مارنے کے واقعہ کا سخت نوٹس لیا۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والا ہی قانون توڑے گا تو قانون کی کون عزت کرے گا؟ خلاف قانون کوئی رویہ برداشت نہیں کروں گی، امن وامان لازم ہے لیکن شہریوں کی عزت، انہیں توہین سے بچانا بھی اتنا ہی ضروری ہے، قانون کے احترام کے ساتھ انسان اور شہری کا احترام یقینی بنائیں، سب قانون کا احترام کریں۔

مریم نوازشریف نے کہا کہ اصلاحات، جدید آلات، ٹیکنالوجی اور تربیت سے پولیس کو عوامی خدمت فورس بنائیں گے، خواتین، بچوں، اقلیتوں پر تشدد، ریپ، ہماری حکومت کی ریڈ لائن ہے، رشوت خوری کے خلاف زیرو ٹالرنس اور میرٹ میری پالیسی ہے، اس پر کوئی کمپرومائز نہیں ہوگا، قانون کے مطابق ایف آئی آر کا فوری اندراج، ڈیجیٹل اور آئی ٹی نظام کا استعمال مزید بہتر بنائیں گے۔

مریم نوازشریف نے کہا کہ پراسیکیوشن کے نظام کی خامیاں دور کریں گے۔ اجلاس میں آئی جی پنجاب نے صوبے میں امن و امان اور پولیس کی کارکردگی سے متعلق بریفننگ دی۔ اجلاس میں ایڈووکیٹ جنرل پنجاب سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ مریم نوازشریف نے محفوظ پنجاب سے متعلق اپنے وژن کی روشنی میں پالیسی ہدایات جاری کیں۔

ٹیکسیلا میں شائع ہونے والی مزید خبریں